علی گڑھ۔(نامہ نگار)۔استنبول یونیورسٹی ، ترکی کے شعبۂ اردو کی بی اے کی طالبات کا ایک سات رکنی وفد آج علی گڑھ مسلم یونیورسٹی پہنچا۔ وفد میں چھ طالبات کے علاوہ ایک نگراں شامل ہیں۔اے ایم یو کے شعبۂ اردو کا سینٹر آف ایڈوانسڈ اسٹڈی ان طالبات کو ایک قلیل مدتی کورس کرائے گا جس میں انہیں اردو زبان بولنے، لکھنے اور پڑھنے کی مشق کرائی جائے گی۔ اس کے علاوہ شعبہ کے ا ساتذہ کے خصوصی لیکچر کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔سینٹر آف ایڈوانسڈ اسٹڈی کے کو آرڈینیٹرپروفیسر محمد زاہد نے بتایا کہ اردو زبان سیکھنے میں ان طالبات کی سہولیات کے پیشِ نظر انہیں اردو طالبات کے ساتھ ہی رکھا جائے گا تاکہ وہ زیادہ سے زیادہ وقت اردو زبان کا استعمال کرسکیں۔ انہوں نے بتایا کہ استنبول کی ان طلبات کا وفد اے ایم یو میں ڈیڑھ ماہ قیام کرے گا اور انہیں آگرہ، لکھنؤ اور دہلی کے تاریخی و تہذیبی مقامات کی سیر بھی کرائی جائے گی۔ پروفیسر محمد زاہد نے بتایا کہ شعبۂ اردو میںیہ اپنی نوعیت کا ایک جدید کورس ہے جو غیر ملکی طلبأ کیلئے خصوصی طور پر تیارکیاگیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ وائس چانسلر لیفٹیننٹ جنرل ضمیر الدین شاہ ( ریٹائرڈ) نے اس کورس کی اہمیت کے پیشِ نظر نہ صرف اس کورس کی منظوری دی بلکہ ترکی سے آئے اس وفد کے طعام و قیام ک
ا بھی نظم کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پرو وائس چانسلر برگیڈیئر ایس احمد علی ( ریٹائرڈ) نے اس کورس میں خصوصی طور پر دلچسپی لیتے ہوئے دہلی ایئر پورٹ سے علی گڑھ آنے کیلئے یونیورسٹی کی جانب سے ایک بس مہیا کرائی۔