ممبئی: بالی ووڈ کی مشہور ہدایت کارہ فرح خان نے کہا ہے کہ گووندا میرے پسندیدہ ڈانسر ہیں اور انہیں ڈانس کرتے ہوئے دیکھ کر مجھے بہت خوشی ہوتی ہے، بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ہدایت کارہ فرح خان نے کہا کہ ڈانس دل سے ہوتا ہے اور اس کا انداز دماغ فراہم کرتا ہے اس لئے میں اس بات پر یقین رکھتی ہوں کہ ڈانس کے اسٹیپ بھی ہمارے اندر سے آنے چاہیئں، انہوں نے کہا کہ میں نے بہت سے ڈانس شوز میں جج کے فرائض ادا کئے اور ہمیشہ اسٹیج پر پرفارم کرنے والے کو تکنیکی بنیاد پر پوائنٹس دیئے لیکن میرا پسندیدہ ڈانسر ہمیشہ وہ رہا جس نے دل سے ڈانس کیا۔ فرح خان نے کہا کہ گزشتہ 20 سال سے بالی ووڈ میں کام کر رہی ہوں لیکن گووندا جیسا ڈانسر آج تک نہیں دیکھا وہ میرے پسندیدہ ڈانسر ہیں اور انہیں جب بھی ڈانس کرتے ہوئے دیکھتی ہوں تو مجھے بہت خوشی ہوتی ہے۔