کانپور(نامہ نگار)۔ ریل بازار تھانہ علاقہ میں مالی تنگدستی اورشوہر کی شراب کی عادت کے سبب پانچ بچوں کی ماں نے مٹی کاتیل ڈال کر خود کشی کرلی۔ واردات کی اطلاع ملنے کیے بعد موقع پر پہنچ کر پولیس نے لاش کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔ موصولہ خبر کے مطابق ٹاٹ مل واقع بندریا باغ کا باشندہ رام کانت کشیپ
مزدوری کرتاہے ۔ پندرہ سال قبل اس کی شادی پریماسے ہوگئی تھی۔ دونوں کے پانچ بچے ہیں منگل کو تقریباً گیارہ بجے خاتون نے اپنی بیٹی سے کھانا پکانے کیلئے مٹی کاتیل منگوایا اس کے بعد خاتون نے بیٹی کو گھر سے باہر جانے کیلئے کہا اور مٹی کاتیل اپنے اوپر ڈال کر خود سوزی کرلی۔ چیخ پکار سن کر بچوںنے پڑوسیوں سے مدد مانگی۔ مقامی لوگوںنے گھر سے دھواں نکلتاہوا دیکھ کر پولیس کواطلاع دی ۔ موقع پرپہنچ کر پولیس نے گھر کادرازہ توڑا لیکن اس وقت تک پریما کی موت ہو گئی تھی۔ ایس او نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے دوران معلوم ہوا ہے کہ مالی تنگدستی اور شوہر کے شراب پینے کی عادت سے پریشان ہو کر خود سوزی کی ہے۔