لکھنؤ(بیورو)حسین گنج علاقہ میں کروڑوں کی پشتینی جائیداد ہڑپ کرنے کیلئے لکھنؤ ویاپارمنڈل کے سابق جنرل سکریٹری چندر کمار چھابڑا نے بزرگ چچی پشپ لتا کا قتل کرنے کیلئے نوکر کو ۵۰ہزار روپئے دیئے تھے۔ منگل کو پولیس نے چندر کمار چھابڑا اور نوکر کو گرفتار کرتے ہوئے واردات کا راز فاش کر دیا۔ منگل کو اے ایس
پی مشرق نے بتایا کہ حسین گنج کے کلے اسکوائر میں رہنے والی ۷۰سالہ پشپ لتا چھابڑا کا قتل کرنے اور قتل کرانے والے، ان کے نوکر دیپو اور اندرانگر میں رہنے والے ان کے بھتیجے چندر کمار چھابڑا کو گرفتار کر لیا۔
پولیس نے بتایا کہ چندر کمار چھابڑا نے پشپ لتا کا قتل کرنے کیلئے نوکر دیپو کو ۵۰ہزار روپئے دیئے تھے۔ پولیس کے مطابق قتل کے اس واردات کی جانچ جائیداد کی لالچ پر ہی کی جا رہی تھی۔ملازم کو شک کی بنیاد پر حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی گئی تو اس نے چندر کمار چھابڑا کے ذریعہ اس سے پشپ لتا کا قتل کرائے جانے کا انکشاف کیا۔ اس کے بعد چندر کمار گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق پانچ مئی ۲۰۱۱ء کو ملزم چندر کمار چھابڑا نے پشپ لتا سے وصیت کرا لی تھی۔ گذشتہ کچھ عرصہ سے پشپ لتا اور چندر کمار کے درمیان تعلقات ٹھیک نہیں تھے۔ پشپ لتا کا رجحان چندر کمار کے بڑے بھائی بلدیو اور ہریش کی طرف بڑھنے لگا تھا۔ ملزم کو اندیشہ تھا کہ کہیں وہ جائیداد فروخت نہ کر دے اس وجہ سے چندر کمار نے ان کے قتل کا منصوبہ بنایا اور دیپو کو اس واردات کی سپاری دی۔ جب پشپ لتا کمرے میں سو رہی تھی تب نوکر دیپو ان کے کمرے میں گیا جیسے ہی اس نے پشپ لتا کے منہ پر تکیہ رکھا وہ جاگ گئیں دونوں کے درمیان مارپیٹ بھی ہوئی۔ لیکن دیپو نے ان کا گلا دبا کر قتل کر دیا۔
واضح رہے کہ حسین گنج کے کلے اسکوائر میں رہنے والی ۷۰سالہ پشپ لتا چھابڑا مکان میں تنہا رہتی تھیں۔ ان کا حضرت گنج میں کپڑوں کا مشہور شوروم ہے۔ ان کے پڑوس والے مکان میں ہی ان کا بھتیجا بلدیو چھابڑا اور سشیل چھابڑا اپنے کنبہ کے ساتھ رہتے ہیں۔بلدیو شام کو تقریباً ۳۰:۷بجے جب گھر واپس آیا تو اس نے پشپ لتا کے گھر کی لائٹ بند دیکھی۔ وہ ان کے گھر گیا جہاں پشپ لتا کی خون سے لتھ پتھ لاش دیکھ کر اس نے پولیس کو واردات کی اطلاع دی تھی۔