لکھنؤ(بیورو)سماجوادی پارٹی کے قومی اجلاس کے سلسلہ میں پورا شہر سماجوادی پارٹی کے بینروں اور پوسٹروں سے بھر چکا ہے پارٹی اور حکومت کے سبھی بڑے چہروں کے خیر مقدم میں ہزاروں کی تعداد میںبینر لگائے گئے ہیں لیکن حکومت کے قدآور وزیر اور پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری محمد اعظم خاں کو تلاش کرنا پڑ رہا ہے۔ اعظم خاں کے استقبال میں ایک دو پوسٹر اور بینر ہی نظر آرہے ہیں۔ سماجوادی پارٹی کے قومی اجلاس کے آغاز کے سلسلہ میں اموسی ہوائی اڈہ سے جنیشور مشر پارک تک سڑکوں کے دونوں جانب ہورڈنگس، پوسٹر اور بینروں کی دیوار کھڑی کی گئی ہے۔ خاص طور پر شہر کے اہم چوراہوں کو سماجوادی پارٹی کے رنگوں میں رنگ دیا گیا ہے۔ سماجوادی پارٹی سربراہ ملائم سنگھ یادو، وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو، وزیر شیو پال سنگھ یادو اور پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری پروفیسر رام گوپال یادو کے استقبال میں پورا شہر بینر اور پوسٹر سے بھرا پڑا ہے یہاں تک کہ دیگر وزراء جیسے گائتری پرساد پرجا پتی، نارد رائے، ابھیشیک مشر کی مہمان نوازی کے بھی بینر خوب نظر آرہے ہیںلیکن اعظم خاں کو تلاش کرنا پڑ رہا ہے۔حالانکہ وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے آج واضح کر دیا ہے کہ اجلاس میں پارٹی کے سبھی قومی رہنما اور عہدیدار شرکت کر رہے ہیں۔