لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ سماجوادی پارٹی کے ۹ویں قومی اجلاس کیلئے راجدھانی لکھنؤ کے گومتی نگر کے زیر تعمیر جنیشور مشر پارک میں تیاریاں مکمل ہو گئی ہیں۔ لکھنؤ میں سماجوادی پارٹی کا یہ چوتھااجلاس ہے۔ بدھ سے شروع ہو رہے سہ روزہ اجلاس طے شدہ پروگرام کے مطابق ۸؍اکتوبر کو صبح ۱۰ بجے سماج وادی سربراہ ملائم سنگھ یادو پرچم کشائی کریں گے۔ اجلاس میں سب سے پہلے پارٹی جمہوریت کے مطابق قومی صدر اور مرکزی مجلس عامہ کا انتخاب کیا جائے گا۔ اس کے بعد مرکزی صدر کاخطاب ہوگا۔
جنیشورمشر پارک میں سماج وادی سربراہ ملائم سنگھ یادو اور وزیر اعلیٰ اکھلیش یادوآنجہانی جنیشور مشر کے ۲۵ فٹ اونچے مجسمہ کی نقاب کشائی کریں گے۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو، پارٹی جنرل سکریٹری پروفیسر رام گوپال یادو، اعظم خاں، کرن مے نندا سمیت پارٹی کے تمام سینئر لیڈر و ہزاروں کی تعداد میں کارکنان نمائندے موجود رہیں گے۔ ۸؍اکتوبر کو ہی سہ پہر تین بجے سیاسی و اقتصادی تجاویز پر چرچا شروع ہو گی۔ ۹؍اکتوبر کو بھی تجاویز پر بحث جاری رہے گی۔ اسی دن شام پانچ بجے تجویز پاس کرنے کی کارروائی ہوگی۔ آخری دن دس اکتوبر کو صبح ۱۰ بجے سے کھلا اجلاس ہوگا۔ اس کے ساتھ ہی سماج وادی پارٹی کے مرکزی صدر کے خطاب کے ساتھ دوپہر ساڑھے بارہ بجے اجلاس اختتام پذیر ہوگا۔
راجدھانی لکھنؤمیں طویل عرصہ کے بعد ہونے والے قومی اجلاس کو لیکر پارٹی کارکنان میں زبردست جوش ہے۔ اجلاس میں سیاسی، اقتصادی تجاویز کے ذریعہ پارٹی جہاں مرکز میں بی جے پی حکومت بننے کے بعد کے سیاسی حالات پر چرچا کرے گی۔ وہیں بی جے پی کے لو جہاد جیسے مدعوں کی کاٹ کیلئے غور کیا جائے گا۔ قومی اجلاس میں سماج وادی پارٹی کے نشانے پر مرکز کی نریندر مودی حکومت ہوگی۔ سماج وادی پارٹی مہنگائی، سرحد پر چین اور پاکستان کی سرگرمیوں کے تئیں نریندر مودی حکومت کو نرم رویے کو لیکر نہ صرف گھیرے گی بلکہ گرم جوشی کے ساتھ حملہ کرے گی۔ سماج وادی پارٹی قومی اجلاس میں سیاست کے مستقبل کے چیلنجوں کے سلسلہ میں غور وخوض کرنے کے ساتھ ہی نمٹنے کی حکمت عملی بھی تیار کرے گی۔
پارلیمنٹ انتخابات کے بعد ہونے والا یہ اجلاس سماجوادیوں کیلئے کئی معنوں میں اہم ہوگا، پارلیمانی انتخابات اور اس کے بعد اسمبلی کے ضمنی انتخابات میں بدلتے سیاسی حالات کے درمیان اہم مدعوں کے ساتھ سماجوادی پارٹی سال ۲۰۱۷ء میں اسمبلی انتخابات کی حکمت عملی پربھی غور کرے گی۔ اس درمیان سماج وادی پارٹی کے مرکزی جنرل سکریٹری پروفیسر رام گوپال یادو، سینئر لیڈر شیو پال یادو اور بدایوں کے رکن پارلیمنٹ دھرمیندر یادو نے اجلاس کے عین موقع پر آج جنیشور مشر پارک پہنچ کر اجلاس کی تیاریوں کاجائزہ لیا۔ سماج وادی کے۹ویں اجلاس کی تیاریوں میں حوصلہ سے لبریز پارٹی کے سیکڑوں کارکنان اور رہنما پورے جوش و خروش کے ساتھ مصروف ہیں۔ جنیشور مشر پارک گومتی نگرمیں شاندار پنڈال ، واٹر پروف پنڈال کے نیچے بنے عالیشان اسٹیج بنایا گیا ہے جس پر پارٹی کے تقریباً سوا سو اہم رہنماؤں کو بیٹھنے کیلئے کرسیاں لگی ہیں۔ اسٹیج کے سامنے پنڈال کے نیچے تقریباً ۱۵ ہزار کرسیاں لگائی گئی ہیں جس کے الگ الگ بلاکوں میں نمائندے، عہدیداروں ، ریاستی حکومت کے وزراء اور درجہ حاصل وزراء کے بیٹھنے کا بندوبست ہے۔ جائے اجلاس پر سماج وادی سربراہ ملائم سنگھ یادو کے سیاسی سفر سماج وادی پارٹی کی جدوجہد کی کہانی کے نام سے ایک فلم بھی بڑی بڑی ایل ای ڈی کی اسکرینوں پر دکھائی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو کی دیکھ ریکھ میں سماج وادی سربراہ ملائم سنگھ یادو پر بنائی گئی ڈاکیومینٹری فلم کی تعمیر سماج وادی پارٹی کے میڈیا انچارج آشیش یادو سونو نے کی ہے۔
ڈاکیومینٹری فلم میں ملائم سنگھ یادو کی جدو جہد کے دنوں کے ان کے خطاب ۱۹۸۹ء کی کرانتی رتھ یاترا کے دوران ویڈیو فلم، سماج وادی پارٹی کے قومی اجلاس میں ملائم سنگھ یادو کی تصاویر کا البم دکھایا جائے گا۔ اسٹیج سے ہونے والے خطاب کی کمنٹری چوبیس بڑے لاؤڈ اسپیکروں اور ۹۳ چھوٹے اسپیکروں سے ہوگی جس کیلئے چالیس ہزار واٹ کا ساؤنڈ سسٹم لگایا گیا ہے۔ اخبار نویسوںکی سہولیات کیلئے اسٹیج کے نزدیک ہائی ٹیک میڈیا سینٹر بنایاگیا ہے۔ یہاں سے صحافی اپنے دفاتر کو براہ راست خبریں بھیج سکیں گے۔
ٹی وی چینلوں کیلئے الگ سے بندوبست کیا گیا ہے۔ تقریباً ۱۸ برس بعد لکھنؤ میں منعقد اجلاس پر سماج وادی پارٹی کے نوجوان ریاستی صدر و وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو کی صاف چھاپ دکھ رہی ہے۔ پارٹی کی تشہیر سے لیکر سارا انتظام ہائی ٹیک اور بے حد جدید قسم کا ہے۔ اجلاس کیلئے لوہیا پارک کے انتخاب سے لیکر پنڈال اور بیٹھنے سے لیکر کھانے اور ٹھہرنے کے انتظامات سمیت تمام کام براہ راست اکھلیش یادو کی دیکھ ریکھ میں ہو رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو کی قیادت میں گزشتہ ۲۰۱۲ ء کے اسمبلی انتخابات میں لگی ٹیم پوری محنت سے اجلاس کو کامیاب بنانے کیلئے سرگرمی سے مصروف ہے۔