کوچی۔بھونیشور کمار کو چھوڑ کر ہندوستان کے تمام گیندباز ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ون ڈے میں مہنگے ثابت ہوئے لیکن کپتان مہندر سنگھ دھونی نے 124 رنز سے ملی شکست کے باوجود ان کا دفاع کیا ہے۔
ویسٹ انڈیز نے ہندوستان کی بے سمت بولنگ کا پورا فائدہ اٹھاتے ہوئے مرلون سیموئلس کے 126 رنز کی بدولت چھ وکٹ پر 321 رن بنائے۔ دھونی نے اگرچہ اپنے گیند بازوں پر ٹھیکرا پھوڑنے سے انکار کیا۔ انہوں نے کہا ہمیں یہ
دیکھنا ہوگا کہ وکٹ کیسا تھا۔ یہ بلے بازی کیلئے اچھا وکٹ تھا اور اس میں مزید ٹرن نہیں تھا۔ بھونیشور کو چھوڑ کر ہمارے زیادہ تر گیند بازوں نے رنز دیے لیکن اس وکٹ پر ان کو 320 رن پر روک کر گیند بازوں نے اپنا کام بخوبی کیا۔ انہوں نے کہامیں ڈیتھ اوورز میں بولنگ سے بہت خوش ہوں۔ ہمارے گیندباز ڈیتھ اوورز میں مسلسل اچھی گیند بازی کر رہے ہیں۔ انہوں نے درست سمت میں گیند ڈالی اور مجموعی طور میں بولنگ سے خوش ہوں۔ انہوں نے کہا ہم ڈیتھ اوورز میں اچھی گیند بازی کر رہے ہیں۔ میدان بڑے نہیں ہیں لہذا 320۔ 325 کا اسکور بہت بڑا نہیں تھا۔دھونی نے بلے بازوں کی کارکردگی کے بارے میں پوچھے جانے پر کہا کہ شراکت داریوں کی عدم موجودگی اور جلدی وکٹ گنوانے کا اثر کارکردگی پر پڑا۔انہوں نے کہا ہمیں ہدف کا تعاقب کرنے کیلئے اچھی شروعات کی ضرورت تھی۔ ہم نے اچھا آغاز کیا لیکن اجنکیا رہانے کے رن آئوٹ ہونے کے بعد ہم وکٹ گنواتے چلے گئے۔دھونی نے کہا کہ 320 رن کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے اگر اس طرح مسلسل وکٹ گنواتے رہے تو بلے بازوں کیلئے مشکل ہو جاتا ہے۔
ہم نے کافی جلدی وکٹ گنوائے جس سے شراکت داری نہیں بن سکی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز کی کارکردگی سے وہ حیران نہیں ہیں۔ دھونی نے کہا کہ انہوں نے اچھی بلے بازی کی۔
ان کے پاس بہترین ون ڈے ٹیم ہے اور وہ نوویں نمبر تک بلے بازی کر سکتے ہیں۔ ان کے پاس پانچ گیندباز اور مضبوط بنچ اسٹریتھ ہے۔ انہوں نے اچھی گیند بازی کی۔