بارہ بنکی(نامہ نگار)۔گائوں پورے بھگئی کی رہنے والی ممتا نے ایس پی بارہ بنکی کو دی گئی درخواست میں گائو ں کے جدو ، رام چندر، وغیرہ پر اس کے ساتھ مارپیٹ کرنے اور جان سے مارنے کی دھمکی کاالزام عاید کیاہے ۔ ممتا نے ایس پی کو دی گئی درخواست میںکہا ہے کہ مذکورہ افراد کئی مرتبہ زمینی تنازع کے سلسلے میں اسے دھمکی دے رہے ہیں۔ اس کی رپورٹ مسولی تھانہ میں درج کرادی گئی ہے۔ اور عدالت نے تنازع سے متعلق مقدمہ بھی زیر سماعت ہے ۔ انھوںنے الزام عائد کیاکہ ۵؍اگست کو شہ زوروںنے دوسری مربتہ ان کے ساتھ مارپیٹ کی ۔ اس کی رپورٹ بھی متعلقہ تھانہ میں درج ہے ۔ پولیس کے ذریعہ کاروائی نہ کرنے کے سبب شہ زوروںکے حوصلے اتنے بلندہو گئے ہیں کہ انھوںنے متاثرہ کو جان سے مارنے کی دھمکی دے کر گھر سے بھاگنے پرمجبور کردیا ہے ۔ ممتا نے کہا ہے کہ وہ تقریباً ایک ماہ سے ا پنے والدین کے گھر جہانگیرآبادمیں رہ رہی ہے ۔ انھوںنے کہا کہ مذکورہ افراد نے دھمکی دی ہے کہ اگر دھان کی فصل کاٹنے کیلئے وہ کھیت میں گئی تواسے جان سے مار دیںگے۔ مسولی پولیس اس وقت حرکت میں آئی جب ممتا کے ذریعہ دی گئی درخواست مسولی تھانہ میں پہنچائی گئی ۔ ایس او مسولی نے فریقین کو تھانہ میں بلوایا۔ ممتا تو تھانہ پہنچ گئی لیکن مخالف فریق شام تک تھانے نہیں پہنچے ۔ جب اس سلسلے میں ایس او مسولی برجیش کمار پانڈے سے فون پر بات کی گئی توانھوںنے کہا کہ فریقین کوتھانے میںبلوایا گیا تھا لیکن وہ نہیں آئے ۔ انھوںنے للن ورما سے مخالفین کو تھانے لے کرآنے کو کہا ۔ممتا نے سماج وادی پارٹی کے سربراہ سے انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بارہ بنکی کی پولیس ناکارہ ہے ۔ کیونکہ مخالفین کو بلوانے کیلئے پولیس کو پردھان کی مدد کی ضرورت پڑتی ہے ۔