لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ ساتھیوں کو وقت پر تنخواہ نہ ملنے سے ناراض واٹر ورکس ملازمین یونین کی قیادت میں جمعرات کوسیکڑوں ملازمین نے واٹر ورکس جنرل منیجر دفتر پر مظاہرہ کیا۔ جنرل منیجر کے ذریعہ دی گئی تحریری یقین دہانی کے بعد مظاہرہ ختم ہو گیا۔ واٹر ورکس محکمہ کے آدھے سے زیادہ ملازمین کو تنخواہ نہیں ملی۔ تہوار نزدیک ہونے کے باوجود ابھی تک ناراض واٹر ورکس محکمہ کے سیکڑوں ملازمین واٹر ورکس ملازمین یونین کے زیر اہتمام جمعرات کو عیش باغ واقع صدر دفتر پہنچے۔ ملازمین نے ملازمین یونین کے صدر رمیش طوفانی کی قیادت میں جنرل منیجر دفتر کے سامنے مظاہرہ شروع کر دیا۔ صبح تقریباً ۱۰ بجے صدر دفتر پہنچے مظاہرین تنخواہ دیئے جانے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ مظاہرین ملازمین کاکہنا تھا کہ تنخواہ ہر ماہ کی تین تاریخ کو مل جاتی تھی لیکن اس مرتبہ ۹ تاریخ گزر گئی لیکن ابھی تک تنخواہ نہیں ملی جبکہ اس مہینے کئی تہوار ہیں۔ الزام ہے کہ اس مرتبہ ایک طبقہ کے
ملازمین کو تنخواہ پہلے دے دی گئی جبکہ انتظامیہ کا حکم ہونے کے باوجود دونوں طبقوں کے ملازمین کو ایک ساتھ تنخواہ نہیں دی گئی۔ دوپہر بعد تقریباً چار بجے تک چلے مظاہرہ کے دوران پہنچے جنرل منیجر راجیو باجپئی نے جمعہ تک تنخواہ دیئے جانے کی یقین دہانی دلائی۔اس کے بعد مظاہرہ ختم ہو گیا۔ مظاہرین میں خاص طور سے جنرل سکریٹری سنت رام، سنتوش کمار سمیت سیکڑوں ملازمین موجود تھے۔
واٹر ورکس جنرل منیجر راجیو باجپئی کی جانب سے دی گئی یقین دہانی کے باوجود وقت سے تنخواہ نہیں ملی تو واٹر ورکس محکمہ کے ملازمین جنرل منیجر دفتر کے سامنے دھرنا و مظاہرہ کریں گے ۔ اس بات کی اطلاع جمعرات کو واٹر ورکس ملازمین یونین کے عہدیدار سنتوش کمار نے دی۔ انہوں نے بتایا کہ ہم سب ملازمین کا تہوار بھی نزدیک ہے۔ جنرل منیجر نے جمعہ تک تنخواہ دیئے جانے کی بات کہی ہے۔ اگر جمعہ کو تنخواہ نہیں ملی تو ملازمین دھرنا و مظاہرہ کیلئے مجبور ہوں گے۔