لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ تہوار نزدیک آتے ہی گیس کی قلت شروع ہو گئی ہے۔ بکنگ کے ہفتوں گزر جانے کے بعد بھی صارفین کو گیس کمپنیاں گیس سلنڈر نہیں مہیا کرا پارہی ہیں۔ عالم یہ ہے کہ صارفین کو گیس ایجنسیوں کے چکر پر چکر لگانے پڑ رہے ہیں۔ سب سے زیادہ پریشانی تو ایچ پی کے صارفین کو ہو رہی ہے۔ دیوالی ، بھیا دوج سمیت دیگر تہوار آنے میں کچھ ہی دن باقی ہیں لیکن شہر میں گھریلو گیس کی قلت شروع ہو گئی ہے۔ بکنگ کرانے کے چوبیس گھنٹوں کے اندر ڈیلیوری کا دعویٰ کرنے والیں گیس ایجنسیاں لوگوں کو ہفتہ گزر جانے کے بعد بھی گیس مہیا نہیں کرا پا رہی ہیں۔ تہوار آتے ہی گیس کی قلت سے پریشان لوگوں کا کہنا ہے کہ اس وقت سب سے زیادہ گیس بڑے بڑے تجارتی اداروں کو پہنچائی جانے لگی ہے۔ ان اداروں میں ڈیلیوری مین کو گھ
ریلو گیس سلنڈروں کی دو گنی قیمت مل جاتی ہے۔ چوک علاقہ کے ایک صارف نے بتایا کہ ان کو گیس بک کئے ۸ ہفتہ سے اوپر ہو گیا تھا، گیس آئی تو سلنڈر لیکیج تھا۔ لیکیج سلنڈر کو لیکر ڈیلیوری مین سے کافی بحث بھی ہوئی۔ ڈیلیوری مین کی شکایت ایجنسی سے کرنے کی بات پر اس نے سلنڈر بدلا۔ اس نے بتایا کہ ابھی کچھ دن قبل ڈیلیورین مین فل ڈریس اور ترازو کے ساتھ آتے تھے لیکن پھر سے بغیر ترازو اور ڈریس کے آنے لگے ہیں۔ ذرائع بتاتے ہیں کہ تہوار کے وقت عام آدمی سے لیکر بڑی بڑی دکانوں میں گیس کی مانگ بڑھ جاتی ہے۔ ایسے میں ایجنسی کے ڈیلیوری مین دکانوں کو گیس پہلے پہنچاتے ہیں کیونکہ وہاںسے ان کومنھ مانگی قیمت ملتی ہے جبکہ عوام وہی فکس قیمت ہی دیتے ہیں۔ شہر کے بڑے بڑے اداروں میں دکھاوے کیلئے ایک دو کنکشن تجارتی سلنڈر کے لے لئے جاتے ہیں اور باقی سارا کام گھریلو سلنڈروں پر کیا جاتا ہے۔ ان اداروں کے زیادہ تر کارخانوں میں گھریلو گیس سب سے زیادہ خرچ ہوتی ہے۔ چوک علاقہ کے تحت آنے والی چوک گیس ایجنسی کی مالکن اوشا مشرا بتاتی ہیں کہ بقر عید میں لیبروںکی وجہ سے ڈیلیوری پہنچانے میں تاخیر ہو رہی تھی جو لوگ چھٹی پر گئے تھے ابھی تک لوٹے نہیں ہیں جیسے ہی لیبر آجاتے ہیں ڈیلیوری نارمل ہو جائے گی۔ سمیتابھ گیس ایجنسی کے مالک ایم جی جیسوال بتاتے ہیں کہ تہوار پرکافی لوگ چھٹی پر چلے گئے ہیں اسی لئے لوگوں کوڈیلیوری پہنچانے میں تاخیر ہورہی ہے۔
جیسوال بتاتے ہیں کہ پھر بھی ہماری ایجنسی کی جانب سے کوشش کی جا رہی ہے کہ لوگوں کو وقت سے گیس پہنچ جائے۔ ٹھاکر گنج واقع انڈین آئل گیس ایجنسی کے مالک اجیت چودھری کا کہنا ہے کہ شہر کی انڈین آئل کی جتنی بھی گیس ایجنسیاں ہیں ان میں کہیںپر بھی گیس کی کمی نہیں ہے۔ ہاں ایچ پی کی ایجنسی کے صارفین کو گیس وقت سے نہ ملنے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔