لکھنؤ (نامہ نگار)۔حضرت گنج واقع سہارا شاپنگ مال میں بلنگ کولے کر ایک سماج وادی لیڈر کا بگ بازار ملازمین سے جھگڑا ہوگیا ۔ اس کے بعد بگ بازار کے ملازمین نے ان کے ساتھ مار پیٹ کی ۔ اچانک ہوئے اس واردات سے پورے شاپنگ مال میں بھگدڑ مچ گئی ۔ ساری دکانیں بند ہو گئی اور لوگ باہر بھاگنے لگے ۔
موقع پر پہنچی پولیس نے بگ بازار کے ۴ملازمین کو حراست میں لے لیا ہے ۔ انسپکٹر حضرت گنج اشوک کمار ورما نے بت
ایا کہ حسین آباد کے رہنے والے ایک سماج وادی نیتا کے داماد سمیر اپنے کنبہ کے ساتھ سہارا گنج بگ بازار خریداری کرنے کے لئے آئے تھے ۔ بتایا جاتا ہے کہ بلنگ کے دوران ان کا کیش کاؤنٹر کے کچھ ملازمین سے تنازعہ ہو گیا دیکھتے ہی دیکھتے تنازعہ اتنا بڑھ گیا کہ بگ بازار ملازمین نے ان کے ساتھ مار پیٹ شروع کردی ۔
مارپیٹ دیکھ کر وہاں موجود گارڈوں نے بیچ بچاؤ کرنے کی کوشش کی تو بگ بازار ملازمین نے گارڈوں کے ساتھ بھی مار پیٹ کرنا شروع کردی ۔ دریں اثناء کسی نے فائرنگ کی افواہ اڑا دی اچانک ہوئی اس واردات سے شاپنگ مال میں بھگدڑ کا ماحول پیدا ہوگیا ۔ دکانیں بند ہونے لگی اور لوگ شاپنگ مال سے بھاگنے لگے ۔ اطلاع ملتے ہی موقع پر حضرت گنج پولیس بھی پہنچ گئی۔ پولیس نے کسی طرح بگ بازار کے ۴ملازمین کو حراست میں لے لیا ۔ اس پوری واردات میں ایک سپاہی انکت ترپاٹھی کے ہاتھ میں چوٹ بھی لگی ہے ۔ فی الحال اس معاملہ میں کوئی رپورٹ دیر شب تک درج نہیں کی گئی تھی ۔ مال میں ہوئی اس واردات کے بعد سبھی دکانیں اور بگ بازار وقت سے پہلے ہی بند ہو گئی۔