بارہ بنکی: سابق رکن پارلیمنٹ کملا پرشاد راوت نے حیدر گڑھ کے مکن پور چوراہے پریوم ویرانگنا ادا دیوی پاسی شہید کے موقع پر کہا کہ شہیدوں کی عزت افزائی جتنی بہوجن سماج پارٹی کے دور میں ہوئی وہ قابل ذکر ہے۔ چاہے وہ مہاراجہ بجلی پاسی قلعہ کی تزئین کاری ہو یا ویرانگنا ادا دیوی کی مورتی کا مسئلہ ہو ۔ یہ کارنامہ بہوجن سماج پارٹی نے ہی انجام دیا۔ ویرانگنا جس نے ۳۶انگریزوں کو گولی ماردی تھی ان کا نام تاریخ میں غائب ہوگیا تھا۔ لیکن مایاوتی نے عوام تک ان کے کارناموں کو پہنچایا ۔اور آج جب پسماندہ طبقہ کے لئے ریزرویشن کے سلسلہ میں بل لانے کی بات آئی تو کوئی نہیں بولا کہ مایاوتی نے اس کی شروعات کی تھی۔ کیونکہ وہ راجیہ سبھا کی ممبر تھیں ۔ اس لئے یہ بل راجیہ سبھا میں تو پاس ہوگیا لیکن جب یہ بل لوک سبھا میں پہنچا تو بل پاس نہیں ہوسکا اور پسماندہ طبقہ کے لوگ اس سے محروم رہ گئے۔ اگرآپ لوگ پسماندہ طبقہ کو آگے بٹھانا چاہتے ہیں تو سب سے پہلے ان کے شہیدوں کی عزت افزائی کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین جب پسماندہ طبقہ کی عزت افزائی کی بات آتی ہے یا ان کی یادگار وں کی تزئین کاری کا مسئلہ ہوتاہے تو کہتے ہیں کہ ملک کی دولت کو غلط طریقہ سے خرچ کیا جارہاہے۔ مخالفین چاہتے ہیں کہ پسماندہ طبقہ کے شہیدوں کا نام تاریخ سے مٹ جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہیدوں کی عزت افزائی کرنا آپ کا فرض ہے۔ اس موقع پر پروگرام کے ناظم دنیش پاسی ،ستیہ نرائن راوت ، رام شنکر روات ، بابا بیج ناتھ ، منیش راوت وغیرہ موجود تھے۔