لکھنؤ(نامہ نگار)۔اسپیشل ٹاسک فورس نے اعظم گڑھ سے دوسپاری کلروں کو گرفتار کیا ہے ۔ ان کے پاس سے دو طمنچہ چار کارتوس برآمد کیا ہے ۔ دونوں اعظم گڑھ کے ایک قتل کے ملزم ہیں ۔ گرفتار ملزمین کی شناخت اعظم گڑھ کے گوپال پور کا رہنے والا راکیش سروج اور گورکھپور کے شاہ پور کا رہنے والا روہن راوت کے طور پر ہوئی ہے ۔ سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ ایس ٹی ایف امت پاٹھک نے بتایا کہ اطلاع ملی کہ مہاراج گنج جیل میں بند مجرمین شیام بابو پاسی اور اعظم گڑھ جیل میں قید راجن پاسی اپنے گروہ کے شوٹروں سے مشرقی اضلاع میں سپاری کلنگ و لوٹ جیسی خوفناک وارداتوں کو انجام دے رہے ہیں اسی دوران جانکاری ملی کہ کچھ مجرمین نے سپاری لے کر تھانہ دیو گاؤں علاقے میں ایک قتل کی واردات کو انجام دیا ہے ۔ اس واردات کے سلسلہ میں جانکاری کی گئی تو پتہ چلا کہ اعظم گڑھ کے گوسائیں گنج بازار میں ۸؍اکتوبر کی شب اشوک کمار گری عرف پپو گری کا گولی مار کر قتل کردیا گیا تھا ۔ اس واردات میں راج نرائن عرف ڈبو نامی ایک شخص زخمی بھی ہوگیا تھا ۔ اسی سلسلہ میں سراغ رسی کے دوران معلوم ہوا کہ اس واردات کو دلیپ عرف ببلو گری نے اعظم گڑھ جیل میں بند مجرم راجن پاسی کے ذریعہ شوٹر راکیش سروج ، روہن راوت و لوکش رائے عرف سادھورائے باشندہ موہن سرائے تھانہ بردا اعظم گڑھ کو بلا کر کروایا گیا ہے ۔
یہ بدمعاش دیو گاؤں علاقہ میں ہی چھپے ہوئے تھے اور فرار ہونے کی کوشش کررہے تھے ۔ اس اطلاع پر ایس ٹی ایف ٹیم نے دیو گاؤں علاقے کے لہواں پہنچ گئی ۔ مقامی پولیس کی مدد سے مجرموں کو گھیرا بندی کرتے ہوئے گرفتار کرلیا گیا ۔ گرفتار ہوئے دونوں مجرموں سے پوچھ گچھ میں پتہ چلا کہ شیام بابو پاسی اور راجن پاسی گروہ کے سرگرم کارکن ہیں ۔ اس واردات کو انجام دینے کے لئے ببلو گری نے سپاری دی تھی ۔ ببلو گری نے اعظم گڑھ جیل میں بند راجن پاسی سے رابطہ کیاتھا تب راجن پاسی نے ان دونوں کی مددسے اس قتل کو کروانے کے لئے کہا تھا ۔