لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ بنتھرا علاقہ میں ایک شخص نے شراب کے نشہ میں پہلے تو اپنی
ماں کو مارا پیٹا اور پھر گھر سے باہر نکال دیا۔ اس کے بعد اس نے پھانسی لگاکر خود کشی کر لی۔ موصولہ اطلاع کے مطابق بنتھرا کے کھڈولا گاؤں کا رہنے والا ۲۲ سالہ سنیل مزدوری کا کام کرتا تھا۔ وہ حد سے زیادہ شراب پینے کا عادی تھا اور اکثر شراب کے نشہ میں کنبہ والوں سے جھگڑتا رہتا تھا۔ سنیچر کے روز رات کو بھی وہ شراب کے نشہ میں گھر پہنچا۔ نشہ کی حالت میں اس کا اپنی ماں آشاسے جھگڑا ہو گیا۔اس پر سنیل نے ماں کو مار پیٹ کر گھر سے نکال دیا جس پر اس کی ماں رات کو ایک پڑوسی کے گھر میں جاکر سو گئی۔ آج صبح جب وہ گھر پہنچی تو دیکھا کہ سنیل نے گھر میں لگے اینگل میں ساڑی کے سہارے پھندا لگاکر خود کشی کر لی۔ اطلاع پاکر موقع پر پہنچی پولیس نے سنیل کی لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔ دوسری جانب نگوہاں کے کسمورا گاؤں کا رہنے والا ۱۹ سالہ سشیل کمار دماغی طور پر کمزور تھا۔ سنیچر کے روز شام کو بھی سشیل اپنے ماما کے گھر آیا تھا اس کے بعد وہ گھر سے رفع حاجت کی بات کہہ کر نکل گیا اور واپس نہیں آیا۔ سشیل جب کافی دیر تک واپس نہیں آیا تو کنبہ کے لوگوں نے اسے تلاش کرنا شروع کیا لیکن اس کا کوئی پتہ نہیں چلا۔ آج صبح گھر سے کچھ دوری پر ایک باغ میں لگے پیڑ سے سشیل کی لاش رسی کے سہارے لٹکتی ہوئی ملی۔
لوگوں نے جب اس کی لاش دیکھی تو اس کی اطلاع اس کے ماما کو دی۔ موقع پر پہنچی موہن لال گنج پولیس نے سشیل کی لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔