نئی دہلی۔انچیون ایشیائی کھیلوں میں طلائی تمغہ جیتنے والی خاتون مکہ باز ایم سی میریکوم کو سیمسنگ نے پیر کو یہاں ایشیاڈ تمغہ فاتحین کیلئے منعقد شاندار تقریب میں سب سے قیمتی کھلاڑی کااعلان کرتے ہوئے انہیں 10 لاکھ روپے کا چیک دیا۔پانچ مرتبہ کی عالمی چمپئن اور لندن اولمپک کی کانسے کاتمغہ جیتا۔ میریکوم کوانچیون ایشیاڈ میں طلائی تمغہ جیتنے کیلئے یہ اعزاز دیا گیا ہے۔انہیں ان کھیلوں میں 11 ہندوستانی طلائی فاتحین میں سے اس ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔سیمسنگ انڈیا نے میریکوم کا یہ انتخاب کھیل صحافیوں اور سوشل میڈیا کی رائے شماری سے کیا۔میریکوم نے یہ اعزاز حاصل کرنے کے بعد کہا میں جب مقابلے کیلئے رنگ میں تھی تب مجھ پر جیتنے یا ہارنے کو لے کر کوئی دباؤ نہیں تھا۔میرا ایک ہی مقصد تھا ملک کیلئے اپنا سب سے بہترین مظاہرہ کرنا۔منی پور کی اس بڑے مکے باز نے کہا تمغہ جیتنے کے بعد یقینی ہی مجھے بے حد خوشی محسوس ہوئی۔سال 2010 میں گوانگجھو میں خواتین مکے بازی کو پہلی بار ایشیائی کھیلوں میں شامل کیا گیا۔انچیون خاتون مکے بازوں کے لیے دوسرا موقع تھا اور یہاں طلائی تمغہ جیتنا میرے لیے یقینا بڑی حصولیابی ہے۔میریکوم نے خواتین کو کھیل کے میدان میں آگے لانے کی وکالت کرتے ہوئے کہاخواتین کو کھیلوں میں بہت کم موقع ملتے ہیں۔انہیں خاندان اور سماج سے بھی پوری سہولیات نہیں ملتی۔خواتین کے تئیں سماج میں پھیلے اس تاثر کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔جب تک یہ ذہنیت نہیں بدلے گی آپ کو مزید میڈل نہیں ملیں گے۔ سپر مام کے نام سے مشہور تین بچوں کی ماں میریکوم نے سیمسنگ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاانھوںنے مجھے لندن اولمپک کیلئے تمغہ امید کی شکل میں تعاون دیا تھا اور اب ایشیائی کھیلوں میں مجھے ان سے تعاون ملا تھا۔سیمسنگ نے نہ صرف مجھے بلکہ دیگر کھلاڑیوں کو بھی اپنا خواب پورا کرنے میں تعاون دیا ۔سیمسنگ کے نائب مینیجنگ ڈائریکٹر اور ہندوستانی اولمپک کے خزانچی انل کھنہ نے میریکوم کو سب سے قیمتی کھلاڑی کا ایوارڈ پیش کیا۔اس موقع پر کھنہ نے کہاآئی اے کے صدر این رامچدرن اور جنرل سکریٹری راجیو مہتا کو اس تقریب میں آنا تھا لیکن سابقہ وعدوں کی وجہ وہ نہیں آ سکے اور ان کی جگہ میں آیاہوں اور نمائندگی کر رہا ہوں۔کھنہ نے کہا اپنے کھلاڑیوں پر فخر ہے اور میں انکے کھیلوں میں ان کے شاندار مظاہرہ کے لیے مبارک باد دیتا ہوں۔ہم اب ریو اولمپک کو اپنا دوسرا ہدف بنا کر چلیں گے تاکہ وہاں لندن اولمپک کیلئے مزید تمغے جیت سکیں۔ہم وزارت کے ساتھ مل کر روڈ ٹو ریو نقشہ تیار کریں گے اورکھلاڑیوں کو اگلے اولمپک کی تیاری کیلئے پوری سہولیات دیں گے۔