لکھنؤ(نامہ نگار)ریاست میں چل رہے مدارس کو گرانٹ لسٹ میں شامل ہونے کے عمل کو حکومت نے آسان کر دیا ہے جلد ہی ریاست کے ۷۵ مدارس کو گرانٹ لسٹ میں شامل کیا جائے۔ یہ بات ریاست کے وزیر اقلیتی بہبود محمد اعظم خاں نے کہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گرانٹ لسٹ میں شامل ہونے کی رکاوٹوں کو دور کر دیا گیا ہے۔
گرانٹ لسٹ میں شامل ہونے کے عمل کو مشکل بنانے کیلئے سابقہ بی ایس پی حکومت پر
الزام عائد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت کا اقلیتوں کے مفاد کی حفاظت کا کوئی ارادہ نہیں تھا۔ اسی کے نتیجے میں حکومت نے مدارس کے گرانٹ لسٹ میں شامل کرنے کے عمل کو مشکل بنا دیا تھا۔ مدارس کو گرانٹ لسٹ میں شامل کئے جانے کیلئے سابقہ حکومت کی پابندیاں اس کی مثال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے پابندیوں سے ہونے والے نقصان کا نوٹس لیتے ہوئے اسے ہٹانے کا کام کیا ۔مسٹر خان نے بتایا کہ ریاست کے ۷۵مدارس کو گرانٹ لسٹ میں شامل کرنے کی کارروائی آخری مرحلہ میں ہے۔ جلد ہی ان مدارس کو گرانٹ لسٹ میں شامل کیاجائے گا۔ اسی کے ساتھ بقیہ مدرسوں کیلئے بھی کارروائی میںتیزی لائی جائے گی جس سے وہ بھی اسکیم کا فائدہ حاصل کر سکیں۔