لکھنؤ(نامہ نگار)یوپی ہیلتھ مشن سے ریاست کے سبھی طبی اداروں کو منسلک کیاجائے گا۔ اس کیلئے کنگ جارج میڈیکل یونیورسٹی نے مہم شروع کر دی ہے۔ کل سے کنونشن سینٹر میں شروع ہو رہے چار روزہ ’انڈو-یو ایس ایمرجنسی‘ کے دسویں اجلاس میں راجدھانی کے نصف درجن سے زائد طبی ادارہ حصہ لیںگے۔ ۱۵تا ۱۹؍اکتوبر چلنے والے اس اجلاس میں ۱۸؍اکتوبر کو مرکزی وزیر صحت ہرش وردھن
اور انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ کے ڈائرکٹر جنرل ڈاکٹر بی ایم کٹوچ شریک ہوںگے۔
اجلاس میں کے جی ایم یو سے لے کر پی جی آئی سمیت کئی پرائیویٹ طبی ادارے ایک جگہ جمع ہوںگے۔ اس کی اطلاع دیتے ہوئے کے جی ایم یو کے وائس چانسلر پروفیسر روی کانت نے کہا کہ اس سے انڈی ویجول بیسڈ مینجمنٹ کو پروٹوکول بیسڈ مینجمنٹ کے طور پر نافذ کرنے کی کوشش کی جائے گی۔اس پروگرام میں خاص طور سے بیسک ایمرجنسی کیئر کورس پر زور دیاجائے گا۔ جنیوا میں کورس کے انعام یافتہ ہونے کے بعد ملک کی ۱۱ریاستوں میں اس کورس کی توسیع کی جا رہی ہے۔ پروفیسر روی کانت نے بتایا کہ اس اجلاس کے ذریعہ سب کیلئے مساوی یونیفارم کورٹ رکھنے کی کوشش کی جائے گی۔ وسائل کے ذریعہ مریض کو بہتر علاج فراہم کرانے کے ساتھ آرگن ٹرانسپلانٹ کے عمل کو بھی آسان بنانے پر غور ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ اس سے مریضوں کو کافی فائدہ حاصل ہوگا۔ مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایسے میں فیض آباد کے مریض کا وہیں پر علاج ہوتا ہے تو اسے لکھنؤ لانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
وائس چانسلر نے بتایا کہ اسکیموں کو چلانے میں حکومت پوری مدد کرے گی۔ میڈیکل یونیورسٹی کی کوشش ہوگی کہ وسائل کا علاج میں بہتر استعمال ہو سکے۔ اس طرح کی تجویز بھی تیار کی جار ہی ہے کہ جس کے ذریعہ حادثات کے فیصد کو کم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پہلی بار ایسا ہوگا جب آئی آئی ایم لکھنؤ اس طرح کے کسی پروگرام میں شامل ہوگا۔
طبی دنیا کی ۶۵غیر ملکی
شخصیات ہوںگی شامل
اجلاس کے کنوینر سکریٹری ڈاکٹر اویناش اگروال نے بتایا کہ دسویں اجلاس میں طبی دنیا کی ۶۵غیر ملکی شخصیات حصہ لے رہی ہیں۔ ان کے علاوہ ملک کے کئی صوبوں سے آئی نامور شخصیات بھی اپنا تجربہ پیش کریںگی۔ ڈاکٹر اگروال نے بتایا کہ پروگرام کے دوران قومی صحت مشن کے ۲۵۰؍افراد کو تربیت دی جائے گی۔
ڈاکٹر اجے سنگھ نے بتایاکہ ایمرجنسی میڈیسن نئی اسپیشلٹی ہے اس میں کسی بھی شعبہ کے شخص کو تربیت دے کر بیسک لائف سپورٹ کی معلومات دی جا سکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ۱۸؍اور ۱۹؍اکتوبر کو دو دن نرسنگ اسٹاف کو اس کی تربیت دی جائے گی۔ پروگرام میں ملک میں طبی خدمات کی ترقی پر غور کیا جائے گا۔ ۱۷؍اکتوبر کو راجدھانی کے مختلف طبی اداروں میں ایمرجنسی میڈیسن مینجمنٹ موضوع پر غوروخوض ہوگا۔ ساتھ ہی ایمرجنسی میڈیسن کونسل آف ریزیڈنسی ڈیپارٹمنٹس ان انڈیا پر بھی بحث ہوگی۔
وائس چانسلر کا کہنا ہے کہ پروگرام میں وزیر صنعت ابھیشیک مشرا بھی شریک ہوںگے۔ انہوں نے بتایا کہ یوایس نیٹ ورک آف کریٹکل النیس اینڈ انجری ٹرانسلیشن ٹرائل اکسپرٹ کا سالانہ جلسہ ۱۸؍اکتوبرکو ہوگا۔ اسی دن نیشنل کیڈیور اینڈ لائیو سالڈ آرگن ٹرانسپلانٹ پر بھی بحث کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اجلاس کا افتتاح چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ کے علاوہ چیف سکریٹری بجیندر ناتھ کریںگے۔ جبکہ مہمان ذی وقار کی حیثیت سے میئر ڈاکٹر دنیش شرما شریک ہوں گے۔