مونرویا: عالمی ادارہ صحت(ڈبلیو ایچ او) کے مطابق دنیا بھر میں ایبولا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد چار ہزار 493 ہو گئی ہے اور گائنیا، لائبیریا اور سیرا لیون میں صورتحال بہت اب تر ہے۔
ڈبلیو ایچ او کا کہنا ہے کہ 12 اکتوبر سے اب تک دنیا کے سات ملکوں میں ایبولا سے متاثرہ کُل آٹھ ہزار 997 ممکنہ اور مشتبہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
عالمی ادارے کا کہنا ہے کہ اسپین اور امریکا میں متعدد ہیلتھ کیئر ورکر بیمار ہیں جبکہ سینیگال اور نائجیریا اس مرض کے مزید پھیلاؤ سے بچاؤ کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ میں کہا گیا کہ یہ واضح ہے کہ ایبولا کے بڑے پیمانے پر پھیلاؤ اور مستقل منتقلی کے باعث گائنیا، لائبیریا اور سیرا لیون میں صورتحال بہت ابتر ہے۔
گائنیا میں اب تک 843 افراد اس مرض کے باعث ہلاک ہو چکے ہیں اور ساحلی شہر کوناکری اور قریبی ضلع کویاہ میں انفیکشن پھیلنے کے باعث مزید نئے کیسز سامنے آ رہے ہیں۔
امریکا نے مغربی افریقہ میں مرض کا پھیلاؤ روکنے کے لیے تقریباً چار ہزار دستے بھیجے ہیں جس میں خصوصی طور پر لائبیریا پر توجہ مرکوز ہے۔
اس سلسلے میں لائبیریا میں امریکی ایڈ ایجنسی کی ٹیم کے سربراہ بین ہیمنگ وے نے بتایا کہ ہمارا مقصد رواں سال کے آخر تک ملک بھر میں 17 ایبولا ٹریٹمنٹ یونٹس کا قیام ہے اور اب تک چھ یونٹس بنائے جا چکے ہیں اور انہوں نے کام بھی شروع کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب تک ہونے والی اموات میں سے تقریباً آدھی لائبیریا میں ہوئی ہیں تاہم وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ان میں کمی واقع ہوتی جا رہی ہے۔