لکھنؤ(نامہ نگار)۔بنتھر علاقہ میں زمینی تنازعہ میں ایک کسان کو اس کے چچیرے بھائیوں نے بری طرح زدو کوب کیا ۔کسان کے مخالفت کرنے پر ان لوگوں نے طمنچہ سے فائر بھی کردیا۔ فائرنگ میں کچھ چھرے کسان کو بھی لگ گئے ہیں ۔ اس معاملہ میں کسان نے ملزمین کے خلاف نامزد رپورٹ درج کرائی ہے ۔ بنتھرا کے نانمئو گاؤں کے رہنے والے کسان رام دیال گوتم اور چچیرے بھائی بیچالال کے درمیان زمین بٹوارے کو لے کر تنازعہ چل رہا ہے ۔
بدھ کی شام رام دیال اپنے کھیت میں گیاہوا تھا ۔ دریں اثناء وہاں پہلے سے موجود چچیرے بھائی بیچالال اور ننکے اس سے کھیت بٹوارے کو لے کر کہا سنی کرنے لگے ۔ رام دیال نے مخالفت کی تو لاٹھی ڈنڈوں سے لیس بیچا لال ، ننکے اور ان کے بیٹے انوپ ، سونو و رامو
نے مل کر اس کی لاٹھی ڈنڈوں سے پٹائی کردی ۔ رام دیال نے جب اپنے بچاؤ میں شور مچایا تو ننکے نے اس کے اوپر طمنچہ سے فائر کردیا ۔ رام دیال کے داہنی جانگھ میں چھرے دھنس گئے ۔ شور سن کر اہل خانہ اور دیہی باشندے مدد کے لئے دوڑ پڑے تو ملزمین وہاں سے فرار ہوگئے۔ اہل خانہ نے زخمی کسان کو علاج کے لئے اسپتال میں داخل کرایا ہے ۔ اس معاملہ میں پولیس نے رام دیال کی تحریر پر بیچا لال ،ننکے ،سونو، انوپ اور رامو کے خلاف معاملہ کی رپورٹ درج کرلی ہے ۔