لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ بجلی کی قیمتوں میں اضافے اور گنا کسانوں کے بقایا کی ادائیگی کے مطالبات کے سلسلہ میں ضلع کانگریس کمیٹی نے جمعرات کو کلکٹریٹ پر مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے گورنر کو مخاطب تین نکاتی عرضداشت ایس ڈی ایم کو سونپی۔ ضلع صدر گورو چودھری کی قیادت میں سینئر کانگریسی رہنما سواستھ بھون کے سامنے واقع گلوب پارک سے نعرے بازی کرتے ہوئے کلکٹریٹ پہنچے جہاں مظاہرین نے عرضد
اشت سونپی۔
کلکٹریٹ میں مظاہرہ کو خطاب کرتے ہوئے ضلع صدر گورو چودھری نے کہا کہ سولہ مہینے میں دو بار بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا۔ مسلسل گرانی کے درمیان ریاستی حکومت کا فیصلہ عوام کی کمر توڑنے والا ہے۔ ایک جانب جہاں فراہمی درست نہیں ہے اور دوسری جانب بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کرنا پوری طرح غلط ہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ سے ریاست میں صنعتی ماحول بنانے کیلئے بجلی کی قیمتوں میں کمی لانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے گنا کسانوں کی بقایا ادائیگی اور وقت گنا پیرائی سیشن شروع کرانے کا بھی مطالبہ کیا۔ مظاہرہ میں خاص طور سے راج بہادر، وریندر مدان، دویجندر ترپاٹھی، امر ناتھ اگروال، ہنومان ترپاٹھی، معروف خان، معراج ولی خاں، ضلع ترجمان کونارک دکشت سمیت دیگر کانگریسی کارکنان شامل تھے۔