لکھنؤ(نامہ نگار)۔اترپردیش کے وزیرتعمیرات عامہ وآبپاشی شیو پال سنگھ یادو نے نوجوانوں سے کہا کہ وہ اپنا زیادہ سے زیادہ وقت تعلیم پر لگائیں۔انہوں نے کہا کہ بغیر تعلیم کے ترقی ممکن نہیں ہے، تعلیم سے ہی سماج بیدار ہوتا ہے اور تعلیم یافتہ شخص ریاست و ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔مسٹر یادو نے کہا کہ اگر اترپردیش کو ملک میں سب سے ترقی یافتہ ریاستوں کی فہرست میں شامل کرنا ہے تو ہم سبھی لوگوں کو مل کر تعلیم و ترقی کیلئے ریاست کے دور دراز علاقوں میں رہنے والے عوام کو بیدار کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ تعلیم یافتہ عوام ہی حکومت کے ذریعہ چلائی گئی اسکیموں کا فائدہ اٹھا پاتی ہے اور دوسرے لوگوں کو بھی اس کیلئے بیدار کرتی ہے۔ شیو پال سنگھ یادو نے آج ۵-کالی داس مارگ پر عوامی سنوائی بھون میں ریاست کے مختلف اضلاع سے آئے لوگوں کے مسائل کو سنا اور کثیر تعداد میں موجود نوجوانوں کو تعلیم پر خصوصی توجہ دینے کو کہا ۔مسٹر یادو نے کہا کہ ادھر ادھر بھٹکنے کے بجائے اپنا وقت پڑھائی میں لگائیں۔انہوں نے جنتا بھون میں موجود ہر ایک فرد کے پاس جا کر ان کے مسائل کو سنا اور اس کے تصفیہ کی ہدایت افسران کو دی۔ انہوں نے افسران سے کہا کہ اپنے کام کے طریقہ میں سدھار لائیں اور ریاستی حکومت کے ذریعہ چلائی جا رہی اسکیموں کو عوام تک پہنچا کر زیادہ سے زیادہ فائدہ لینے کیلئے بیدار کریں۔مسٹر یادو نے کہا کہ اگر کسی فرد کے ذریعہ مجھے واقف کرایا گیا کہ اس افسر نے لاپرواہی دکھائی ہے یا اس کے مسائل کو نظر انداز کیا ہے تو ان کے خلاف کسی بھی طرح کی تادیبی کارروائی کرنے سے مجھے کو ئی روک نہیں سکے گا۔انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت عوام کے مفاد کیلئے پرعزم ہے۔