لکھنؤ۔ 17 اکتوبر (یو این آئی) اترپردیش میں آج عظیم دانشور اور مجاہد آزادی سرسید احمد خاں کا 197 واں یوم پیدائس پورے احترام کے ساتھ منایا گیا۔اس موقع پر راجدھانی لکھنؤ کے علاوہ الہ آباد، بریلی، حمیرپور اور اعظم گڑھ سمیت ریاست کے مختلف مقامات پر پروگرام کا اہتمام کیا گیا۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں اس موقع پر منعقدہ پروگرام میں سرسید احمد خاں کو نہایت احترام کے ساتھ یاد کیا گیا۔جونپور سے موصولہ رپورٹ کے مطابق اس موقع پر سرواں میں واقع شہید پار ک پر ہندوستان سوشلسٹ ری پبلکن آرمی اور لکشمی بائی بریگیڈ کے ذریعہ منعقد کئے گئے پروگرام کے دوران کارکنوں نے کرانتی استمبھ پر موم بتی جلائی اور دو منٹ تک خاموش رہ کر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے بانی سرسید احمد خاں کو خراج عقیدت پیش کیا۔کرانتی استمبھ پر موجود لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے لکشمی بائی بریگیڈ کی صدر منجیت کور نے کہاکہ عظیم دانشور سر سید احمد خاں کی پیدا ئش 17 اکتوبر 1817 کو دلی میں ہوئی تھی۔ انہوں نے مسلمانوں کو مدرسہ کی تعلیم سے جوڑنے کا جو انقلابی کام کیا وہ ہمیشہ سنہر ے الفاظ میں لکھا جائے گا۔