لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ محرم کو پُر امن طریقہ سے نمٹانے کیلئے پولیس اور انتظامیہ نے اپنی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ ان تیاریوں کے سلسلہ میں آج ڈی آئی جی لکھنؤ رینج آر کے چترویدی کی قیادت میں پولیس دستوں نے سعادت گنج اور بازار کھالہ علاقہ میں روٹ مارچ کیا۔ اس روٹ مارچ میں پولیس کے افسران کے علاوہ نیم فوجی دستے بھی تھے۔ ڈی آئی جی رینج آر کے چترویدی نے بتایا کہ آنے والے وقت میں محرم کے سلسل
ہ میں پختہ حفاظتی بندوبست کئے گئے ہیں۔ اسی سلسلہ میں آج دوپہر سعادت گنج کے ایل ڈی اے پارک سے پولیس دستوں کے ساتھ روٹ مارچ نکالا گیا۔ یہ روٹ مار چ ایل ڈی اے پارک سے کلو ہوٹل تراہا، بنیاد باغ، درگاہ حضرت عباس، بابو گنج پارک، کچا پل، توپ دروازہ، کمل لانڈری، شرغہ پارک، کشمیری محلہ، منصور نگر، نوبستہ، گردھاری سنگھ انٹر کالج، بلوچ پورہ، بازار کھالہ، مہندی، بھدیوا سے ہوتا ہوا ایل ڈی اے پارک میں ختم ہوا۔
اس روٹ مارچ میں ضلع مجسٹریٹ راج شیکھر ، ایس ایس پی پروین کمار، ایس پی دیہات حبیب الحسن، ایس پی مغربی اجے کمار مشرا، ایس پی کرائم ڈی کے سنگھ سمیت چھ سی او، ۱۵۰ دب انسپکٹر، ۵۲ ؍ ایچ سی پی ، ۱۰۲۰ سپاہی، آر اے ایف اور پی اے سی کے جوان موجود رہے۔ ڈی آئی جی نے بتایا کہ جلد ہی شہر میں سیکٹر اسکیم نافذ کر دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ سبھی تھانہ انچارجوں کو اپنے اپنے علاقوں میں پیس کمیٹی کا اجلاس منعقد کر کے لوگوں سے امن برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے۔ ڈی آئی جی نے لکھنؤ قدیمی شہر کے سبھی تھانہ انچارجوں کو شر پسندوں کو نشانزد کرنے اور ان کے خلاف کارروائی کرنے کیلئے بھی کہا ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے پولیس اہلکاران کو سختی کے ساتھ مستعد رہنے کی ہدایت دی ہے۔