لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ ضلع مجسٹریٹ راج شیکھر نے اتوار کو تقریباً بیس مقامات پر تصویر شدہ انتخابی فہرست کے خصوصی مختصر نظر ثانی پروگرام کا معائنہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بوتھ لیول ایجنٹوں کے ساتھ سبھی مقامات پر دعوؤں اور اعتراضات حاصل کرنے کیلئے یہ خصوصی مہم دو نومبر تک چلائی جائے گی۔
ضلع مجسٹریٹ نے سبھی رائے دہندگان سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنا نام انتخابی فہرست میں شامل کرانے کیلئے بوتھوں پر آکر فارم بھروائیں جو ووٹر بننے کے لائق ہو چکے ہیں۔ اس کے علاوہ نام درست کرانے اور ہٹانے کیلئے بی ایل او سے رابطہ قائم کریں ۔ اے
ڈی ایم انتظامیہ اور ڈپٹی ضلع الیکٹورل افسر راجیش کمار پانڈے نے بتایا کہ ضلع کے سبھی اسمبلی حلقوں کے ۳۲۸۷ بوتھوںپر فارم بھروانے کا کام شروع کیا گیا ہے لیکن ان میں سے ۱۱۰ بوتھوں پر بی ایل او ندارد رہے۔اس طرح کے لاپرواہ بی ایل او کے خلاف کارروائی کیلئے ان کے محکموں کے سربراہوں کو نوٹس جاری کیا گیا ہے۔آج کے اعتراضات کا نمٹارہ بیس نومبر تک اور ڈاٹا بیس اپ ڈیٹنگ، فوٹو گراف مرجنگ، کنٹرول ٹیبل اپ ڈیٹنگ اور تیاری اور ضمنی فہرستوں کی اشاعت کا کام بیس دسمبر تک مکمل کر کے پانچ جنوری کو آخری اشاعت ہوگی۔