لکھنؤ(نامہ نگار)وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے آج موہن لال گنج تحصیل کے لوہیا گاؤں بھسنڈا اور آواس وکاس پریشد کی زیر تعمیر عمارت کا اچانک معائنہ کیا۔ معائنہ کے دوران انہوں نے افسران کو ترقیاتی کاموں میں تیزی لانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کے ذریعہ جاری اسکیموں کا فائدہ ہر حال میں ضرورت مندوں کو ملنا چاہئے۔ اس میں لاپروائی کرنے والوں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے گی۔ مسٹر یادو نے لوہیا گاؤں بھسنڈا کا دورہ کر کے ترقیاتی کاموں کا موقع پر معائنہ کیا اور دیہی باشندوں سے گفتگو کر کے ان کی ضروریات اور م
سائل کے بارے میں معلومات حاصل کی۔
انہوںنے لوہیا دیہی رہائش اسکیم کے تحت تعمیر رہائش گاہوں اورعمارتوں میں بجلی کی فراہمی کیلئے سولر لائٹ کے سلسلہ سے مستفیدین سے بات چیت کی۔ معائنہ کے دوران انہوں نے پایا کہ لوہیا رہائش گاہ میں قائم سولر بجلی نظام سے پنکھے تو چل رہے ہیں لیکن تار بہت ڈھیلے ہیں اس پر انہوں نے ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے اسے فوری طور پر درست کرانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے گاؤں کی سی سی روڈ کا بھی معائنہ کیا۔ اچانک معائنہ کے دوران وزیر اعلیٰ گاؤں کے پرائمری اسکول بھی پہنچے۔ انہوں نے بچوں سے بھی گفتگو کی اور پڑھائی کا معیار اسکول میں نصب کمپیوٹر اور بچوں کو ملنے والے دوپہر کے کھانے کے سلسلہ میں معلومات حاصل کی۔ مسٹر یادو نے بچوں کیلئے تیار کھانے کو خود چکھ کر اس کے معیار کو پرکھا۔
انہوں نے تعلیم کا معیار درست نہ ہونے پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے اساتذہ کو تدریسی کاموں میں بہتری لانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ ایم بی ایم کا معیار بنائے رکھنے کیلئے معیاری باورچی خانوں کا انتظام کیا جارہا ہے جہاں کھانا تیار کر کے اسکولوں کو بھیجا جائے گا۔ لوہیا گاؤں کے بعد وزیر اعلیٰ نے ورنداون اسکیم میں آواس وکاس پریشد کی زیر تعمیر عمارت کا بھی معائنہ کیا۔
اسی کے ساتھ انہوں نے کالندی پارک کا بھی معائنہ کیا۔ کالندی پارک بند پائے جانے پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ پارک کو دن کے وقت عوام کیلئے کھولاجانا چاہئے۔ معائنہ کے بعد مسٹر یادو نے افسران اور ملازمین کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ منتخب لوہیا مواضعات میں مقررہ معیار کو نظر انداز نہ کیاجائے۔ انہوں نے کہا کہ کاموں کو مکمل کرنے میں وقت کا خاص خیال رکھاجائے۔ ریاستی حکومت کی منشا غربا اور کسانوں کو تمام سہولیات ان کے علاقوں میں ہی دستیاب کرانے کی ہے تاکہ انہیں اپنی چھوٹی چھوٹی ضروریات کیلئے بھٹکنا نہ پڑے۔معائنہ کے دوران وزیر اعلیٰ کے ساتھ وزیر تعمیرات عامہ شیوپال سنگھ یادو اور سیاسی پنشن وزیر راجندر چودھری بھی موجود تھے۔