حیدرآباد۔ کپتان مہندر سنگھ دھونی کو سری لنکا کے خلاف آئندہ ماہ ہونے والی پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کے پہلے تین میچوں سے آرام دیا گیا ہے اور ان کی غیرموجودگی میں اسٹار بلے باز وراٹ کوہلی ٹیم کی قیادت کریں گے۔ بنگال کے وکٹ کیپر رددھمان ساہا کی قومی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ وہ 15 رکنی ٹیم میں دھونی کی جگہ لیں گے۔ گزشتہ ہفتے ویسٹ انڈیز کے ہندوستان دورہ درمیان میں چھوڑ کر جانے کے بعد بی سی سی آئی نے کافی مختصر وقت میں اس سیریز کے انعقاد کا انتظام کیا ہے اور سلیکشن کمیٹی نے آج پہلے تین میچوں کے لیے ٹیم منتخب کی۔ ویسٹ انڈیز کے خلا
ف سیریز کیلئے روچندرن اشون کو آرام دیا گیا تھا لیکن اس اسپنر نے ٹیم میں ایک اور اسپنر کلدیپ یادو کی جگہ واپسی کی ہے۔ تیز گیند باز ورون آرون کو بھی زخمی موہت شرما کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ بی سی سی آئی کے سیکرٹری سنجے پٹیل نے ریلیز میں بتایا کہ سری لنکا کے خلاف پانچ ون ڈے کٹک، حیدرآباد، رانچی، کولکاتہ اور احمد آباد میں کھیلے جائیں گے اور تفصیلی پروگرام کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ شکھر دھون اور اجنکیا رہانے کو ایک بار پھر سلامی بلے بازی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے جبکہ چوٹ سے نکل چکے روہت شرما کو سری لنکا کی ٹیم کے خلاف پریکٹس میچ کیلئے ہندوستان اے ٹیم میں جگہ دی گئی ہے۔کوہلی نے ایک بار پھر مڈل آرڈر میں اپنا کردار ادا کریں گے اور انہیں سریش رینا، امباتی رائیڈو، روندر جڈیجہ اور ساہا کا تعاون ملے گا۔ طویل عرصے سے خراب فارم سے پریشان ہو رہے کوہلی نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دھرم شالہ میں چوتھے ون ڈے میں سنچری جڑکرفارم میں واپسی کی تھی۔ آخری دو ون ڈے کیلئے منتخب ہونے کے باوجود ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں نہیں کھیلنے والے ایشانت شرما، محمد سمیع، امیش یادو اور ورو آرون تیز گیند بازی حملہ کا حصہ ہوں گے۔ا سپن محکمہ میں ذمہ داری اشون، جڈیجہ، امت مشرا اور نوجوان اچھر پٹیل کو سونپی گئی ہے۔اس کے علاوہ آل انڈیا سینئر سلیکشن کمیٹی نے ساتھ ہی 30 اکتوبر کو ممبئی کے سی سی آئی میدان پر سری لنکا کے خلاف ہونے والے ون ڈے پریکٹس میچ کیلئے بھی ہندوستان اے کی ٹیم کا اعلان کیا۔ منوج تیواری ٹیم کی قیادت کریں گے۔ ون ڈے ٹیم اس طرح ہے: وراٹ کوہلی ۔کپتان، شکھر دھون، اجنکیا رہانے، سریش رینا، امباتی رائیڈو، رددھمان ساہا، روچندرن اشون، روندر جڈیجہ، محمدسمیع، امیش یادو، ایشانت شرما، امت مشرا، مرلی وجے، ورون آرون اور پٹیل۔