لکھنئو۔ ۲۲؍ اکتوبر۔یونٹی کالج کے سبزہ زار پر سالہائے گذشتہ کی طرح امسال بھی اسپورٹس ڈے کا انعقاد پورے جوش و خروش اور شان و شوکت کے ساتھ دلکش انداز میں ہوا۔ اس پروگرام میںطلبہ و طالبات نے رنگا رنگ دلفریب درلس ناظرین کے رو برو پیش کر کے ان کو متحیّر کر دیا ۔ تمام ناظرین اس رنگین و دلنشین نظاروں کو دیکھ کر مسرور ہوئے اور تالیوں کی بازگشت سے پورا میدان گونج اٹھا۔
اس پروگرام کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک ، گیتا کے اشلوک اور بائبل کے پاٹھ سے ہوا۔ اس کے بعد کالج کے صدر ڈاکٹر سید کلبِ صادق نے تمام معزز مہمانوں کا پُر جوش خیر مقدم کرتے ہوئے انہیں خطاب فرمایا۔ بعدہ پروگرام کے مہمانِ خصوصی جناب اے۔ ایل۔ بنرجی ڈائرکٹر جنرل آف پولس، اتر پردیش نے اپنے دستِ مبارک سے خوش رنگ غبارے فضا میں اڑا کر پروگرام کے آغاز کا اعلان کیا۔ رنگین غباروں سے ماحول اور بھی زیادہ رنگین ہو گیا۔ اس کے بعد طلبہ و طالبات نے مارچ پاسٹ اور کالج بینڈکے ساتھ مہمانِ خصوصی کو سلامی پیش کی۔مہمانِ خصوصی نے اپنی مختصر مگر جامع تقریر میں کالج میں اسپورٹس ڈے منانا چاہئے کیونکہ کھیل طلبہ و طالبات میں نظم و ضبط پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ جسمانی نشو ونما کا بہترین ذریعہ ہے۔ اس سے طلبہ میں خود اعتمادی بھی پیدا ہوتی ہے اور صحت مند مقابلے کر کے آگے بڑھنے کا حوصلہ پیدا ہو تا ہے۔ بچوں کی دلکش پیش کش پر ان کی ستائش کی۔ پروگرام کو آگے بڑھاتے ہوئے نرسری کلاس کے نو نہالوں نے ڈرل ’ ملے سُر میرا تمہارا ‘ کے ذریعہ ملک کی مختلف ریاستوں کی ثقافت کو پیش کر کے قومی اتحاد کا پیغام دیا۔ا س کے علاوہ اس پروگرام میں بچوں نے کئی دلکش ڈرلس پیش کیں۔ بچوں نے ۱۰۰ میٹر، ۲۰۰ میٹر، ریلے ریس میں نے حصہ لیا۔ بچوں کے والدین کے لئے بھی ’ بیلنسنگ دی بک‘ میں حصہ لے کر بچوں کو تالیاں بجانے پر مجبور کر دیا۔ جمناسٹک میں آگ کے شعلوں کے درمیان سے چھلانگ لگاتے ہوئے بچوں نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا جسے دیکھ کر والدین نے دانتوں تلے انگلیاں دبا لیں۔ڈاکٹر کلبِ صادق نے مہمانِ خصوصی جناب اے ایل بنرجی کو ممنٹو پیش کیا۔مہمانِ خصوصی نے مختلف مقابلوں میں اول ، دوم و سوم مقام حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو انعامات سے نوازا۔ ان کے علاوہ کالج کے صدر ڈاکٹر کلبِ صادق نے بھی بچوں کو انعامات تقسیم کئے۔ اس موقع پر معزز مہمانوں کے علاوہ کالج مینجمنٹ کمیٹی اور توحید المسلمین ٹرسٹ کے ممبران ، طلبہ، طالبات اور والدین کی کثیر تعداد نے شرکت فرما کر بچوں کی کارکردگی پر دادِ
تحسین دی اور ان کی حوصلہ افزائی فرمائی۔
پرنسپل