لکھنؤ(بیورو)۔وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے آج ریزرو پولیس لائن میں پولیس اسمرتی دیوس کے موقع پر ڈیوٹی پر تعینات اپنی جان کو نچھاور کرنے والے پولیس اہل کاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔شہید پولیس اہلکاروں کے اہل خانہ کو یقین دہانی کرائی کہ حکومت ان کی بہبودی کے لئے تمام ضروری قدم اٹھانے کے لئے تیار ہے ۔ پولیس نظام کو چست درست بنانے اور پولیس اہلکاروں کی تعداد میں اضافہ کرنے کے لئے حکومت کام کررہی ہے جس سے پولیس کا رسپانس ٹائم کم ہو اور پولیس فورس کسی بھی حالت میں فوری کارروائی کرنے میں اہل ہو ۔ انہوں نے پولیس اہل کاروں سے امی
د کی کہ وہ ریاست کے باشندوں کے حقوق کے ساتھ ساتھ خواتین ، بچوں اور دیگر کمزور طبقوں کے تحفظ پر خصوصی توجہ دیں گے ۔ جس سے عوام میں آپ کا اعتماد بڑھے اور حکومت کی شبیہ مزید بہتر بنانے میں معاون ثابت ہو سکے ۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ شہید پولیس اہل کاروں کے ورثاء کے لئے انتظامیہ نے امدادی رقم بڑھا کر ۲۰ لاکھ روپئے کردی ہے ۔ پولیس اہل کاروں میں حوصلہ بنائے رکھنے کے لئے ان کی ترقی پر حکومت نے تیزی سے فیصلے کئے ہیں ۔ خاتون پولیس اہل کاروں کے رہائشی مسئلہ کے تصفیہ کے لئے تین سو بیس تھانوں میں ان کے لئے الگ سے بیرکوں کی تعمیر کرائی جارہی ہے ۔حکومت پولیس فورس کو جدید وسائل سے لیس کرنے اور ان کے مکان سے متعلق مسائل کے تصفیہ کے لئے سنجیدگی سے کام کر رہی ہے ۔ پولیس کی جدید کاری کے لئے ۳ سو ۹ کروڑ روپئے کا بندو بست کیا گیا ہے ۔ جرائم پر موثر قابو پانے کے لئے دو مزید شہر آگرہ اور بنارس میں بھی جدید کنٹرول روم کی شروعات کرنے کی اسکیم ہے ۔سی سی ٹی این ایس کا تقریباً ۸۰ فیصد کام مکمل ہو چکا ہے ۔ پولیس سب انسپکٹروں کو سی یو جی کی فراہمی مہیا کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے ۔ تفتیشات کی اہمیت کو فروغ کے لئے سائنسی ثبوتوں پر زور دیا گیا ہے ۔ اس کے لئے پانچ نئے مقامات پر فورنسک لیب کا قیام کیا جائے گا ۔
خاتون استحصال کی شکایتوں کے لئے پولیس کی ویب سائٹ پر آن لائن جرائم درج کرانے کا بندوبست کیا گیا ہے جو پورے ملک میں ایک مثال ہے ۔ اکھلیش یادو نے کہا کہ تیزی سے بدلتے ہوئے ماحول میں جرائم کی قسمیں بھی تبدیل ہو رہی ہیں ۔ اس سے پولیس کے سامنے مسلسل نئے نئے چیلنج پیدا ہورہے ہیں خاص طور سے مالی جرائم کے معاملہ میں یومیہ نئی باتیں جڑ رہی ہیں ۔ سائبر کرائم جیسے جرائم کے نئے طور طریقے مجرمین کی جانب سے تلاش کئے جارہے ہیں ۔اس کے لئے پولیس والوں کو جدید تکنک کی جانکاری دینے کے ساتھ ساتھ انہیں مزید موثر بنانے کی ضرورت ہے ۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ اتنی بڑی پولیس فورس کے کچھ مسائل بھی ہیں جن کا تصفیہ حکومت تیزی سے کرنے میں مصروف ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر جائے اسمارک پر شہید پولیس اہل کاروں کو خراج عقیدت پیش کیا ۔
ڈیوٹی کے دوران شہید ہوئے پولیس اہل کاروں کے وارثین سے وزیر اعلیٰ نے ملاقات کرکے انہیں دلاسہ دیا اور اپنی ہمدردی ظاہر کی ۔ انہوں نے شہید پولیس اہل کاروں کے وارثین کو اعزاز سے سرفراز کیا ۔ اس موقع پر پولیس ڈی جی پی اے ایل بنر جی نے پولیس اسمرتی دیوس کی تاریخ پر روشنی ڈالی اور شہید پولیس اہل کاروں کو گلہائے عقیدت پیش کیا۔