مجلس علماء ہند ،نیشنل کونسل آف شیعہ علماء اور اہل بیت اسمبلی کے زیر اہتمام احتجاجی جلسہ کا نعقاد
نئی دہلی۲۲ /اکتوبر: مجلس علماء ہند ،نیشنل کونسل آف شیعہ علماء اور اہل بیت اسمبلی کے زیر اہتمام کشمیری گیٹ دہلی میں آیت اللہ شیخ باقر النمر کی فوری رہائی کے مطالبہ کو لیکرایک احتجاجی جلسہ کا انعقاد کیا گیا ۔
جلسہ کی صدارت کرتے ہوئے امام جمعہ دہلی مولانا محسن تقوی نے کہا کہ سعودی حکومت کا شیعہ رہنما کی پھانسی کا حکم پوری طرح غیر منطقی اور خلاف قانون ہے کیونکہ اپنے حقوق کا مطالبہ کرنا کوئی جرم نہیں ہے اس سلسلے میں ایک احتجاج کشمیری گیٹ پر بعد نماز جمعہ ۲۴ اکتوبرکو ہوگا ۔مولانا علی حیدر غازی نائب مدیر جامعۃالشہیدنے فیصلہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پھانسی کی سزا کے اس فیصلے پر فوری نظر ثانی کی جائے اور شیخ باقر النمر کو رہا کیا جائے۔مولانا عابد عباس زیدی امام جمعہ ،خوریجی نے کہا سعودی حکومت کو شیعہ اقلیتوں کے حقوق کا احترام کرنا چاہئے۔ مولانا نے شیخ باقر النمر کی پھانسی کی سزا کو افسوس ناک بتایا اور کہا کہ یہ فیصلہ ملت کو مزید انتشارمیں مبتلا کردیگا ۔
مولانا جلال حیدر نقوی جوائنٹ سکریٹری مجلس علماء ہندنے پھانسی کی سزا کی پر زور مذمت کی اور کہا کہ یہ مذہبی آزادی کے خلاف نہایت افسوسناک اقدام ہے ۔ حکومت سعودی عرب شیعہ مذہبی رہنما کو پھانسی دینے کی غلطی نہ کرے کیونکہ یہ اقدام سعودی مفادات کے لئے مضر ہوگا۔
مولانا اصغر رضانقوی رکن اہل بیت اسمبلی نے سعودی حکام اور عدلیہ کے اس فیصلے کو سامراجی طاقتوں کو خوش کرنے والا بتایااور ملت کے مفادات کے لئے کام کرنے کی صلاح دی ۔اس جلسہ میں مولانا ابن علی ،مولانا سرکار مہدی ،مولانا مرزا عرفان علی بھی موجود رہے۔
جاری کردہ :فراز نقوی
فوٹودائیں سے بائیں (مولانا سرکار مہدی ، مولانا جلال حیدر ،مولانا عابد عباس،مولانا محسن تقوی،مولانا علی حیدر غازی،مولانا اصغر رضا،مولانا ابن علی )