لکھنؤ(نامہ نگار)۔قیصر باغ علاقہ میں ایک روڈ ویز بس نے ایک پراپرٹی ڈیلر کو ٹکر ماردی ۔ حادثہ میں پراپرٹی ڈیلر کی موت ہو گئی ۔ اٹونجہ علاقہ میںایک سائیکل سوار کو بچانے کے سبب موٹر سائیکل سوار سپاہی بے قابو ہو کر گر پڑا۔ اس حادثہ میں سپاہی کو شدید چوٹیں لگیں ہیں اور اس کو علاج کے لئے ٹراماسنٹر میں داخل کرایا گیاجہاں اس کی موت ہو گئی۔ وہیں بی کے ٹی علاقہ میں ایک تیز رفتار کار بے قابو ہو کر ایک ٹریلر میں جاگھسی ۔ اس حادثہ میں کار ڈرائیور اور ایک خاتون زخمی ہوگئی۔ لکھیم پور سے سی او پلیا دفتر میں تعینات سپاہی چالیس سالہ رام کمار منگل کی شام چھ
بجے کسی کام سے لکھنؤ آرہاتھا بتایا جاتا ہے کہ وہ موٹر سائیکل لے کر جب اٹونجہ کے نوادا گاؤں کے نزدیک پہنچا اسی وقت ایک سائیکل سوار اچانک اس کی موٹر سائیکل کے سامنے آگیا ۔ سائیکل سوار کو بچانے کے لئے سپاہی موٹر سائیکل سے قابو کھو بیٹھا اور موٹر سائیکل لے کر سڑک پر گر پڑا ۔ سپاہی کے گرتے ہی آس پاس کے لوگوں نے اس کی مدد کی اور اطلاع پولیس کو دی ۔ موقع پر پہنچی پولیس نے زخمی سپاہی کو علاج کے لئے ٹراما سنٹر میں داخل کرایاجہاں اس کی موت ہو گئی۔ سپاہی رام کمار آبائی طور پر ہردوئی کا رہنے والا ہے ۔ اس کے علاوہ فیض آباد کے رہنے والے رام شنکر پاٹھک کا بیٹا ۲۲ سالہ پردیپ پاٹھک موجودہ وقت میں ماڈل ہاؤس میں کرایہ کے مکان میں رہ کر پراپرٹی ڈیلنگ کا کام کرتا تھا ۔ بدھ کی صبح وہ موٹر سائیکل سے کہیں جارہا تھا۔ قیصر باغ واقع شبھم سنیماہال کے سامنے تیز رفتار روڈ ویز کی بس میں موٹر سائیکل میں ٹکر مار دی ۔ حادثہ میں وہ شدید طور سے زخمی ہوگیا ۔ موقع پر پہنچی پولیس نے زخمی پردیپ کو علاج کے لئے ٹراما سنٹر میں داخل کرایا جہاں اس کی موت ہوگئی۔ پولیس نے اس کے پاس سے برآمد موبائل کی مدد سے اس کی شناخت کی اور اطلاع اہل خانہ کو دی ۔ پردیپ کے کنبہ میں اس کی والدہ کرشناپاٹھک ، دو بھائی دیپک اور دیپ چند ہیں ۔ پولیس نے معاملہ کی رپورٹ درج کرلی ہے ۔اور روڈویزبس و ڈرائیور کا سراغ لگا رہی ہے ۔
وہیں بخشی کا تالاب تھانہ سے چند قدم کی دوری پر چندریکا دیوی موڑ کے نزدیک آج صبح ایک تیز رفتار مرسٹیز کار آگے چل رہے ٹریلر میں جاگھسی ۔ حادثہ اتنا بھیانک تھا کہ کار بری طرح برباد ہو گئی ۔ا س حادثہ میں کار سوار خاتون اور اس کا ڈرائیور شدید طور سے زخمی ہوگئے ۔ دیہی باشندوں نے حادثہ کی اطلاع ایمبولینس کو دی ۔ تقریباً نصف گھنٹہ بعد ایمبولینس موقع پر پہنچی اور دونوں زخمیوں کو اسپتال لے گئی۔