لکھنؤ۔ریاست کے وزیر شہری ترقیات اور اقلیتی بہبود محمد اعظم خاں نے کہا ہے کہ ملک میں موجودہ حالات کے مد نظر یہ ضروری ہے کہ ہم سب صبر سے کام لیں۔ آپس میںمل -جُل پیار محبت سے رہیں اور کسی کے بہکاوے میں نہ آئیں۔کیونکہ شرارتی عناصر ہر اس موقع کی تلاش میں ہیں کہ کس طرح سے سماج،ریاست اور ملک میں نفرت کی آگ بھڑکائی جائے۔ انہوںنے کہاکہ ملک میں خوف اور دہشت کا ماحول پیدا کرنے کیل
ئے آدھا سچ سامنے لانے کی کوشش کی جارہی ہے جوکہ پورے جھوٹ سے کہیں زیادہ خطرناک ہوتا ہے۔ اس طرح کے پس منظر میں اپنے وجود کو قائم رکھنا کتنا مشکل ہے، اس کا اندازہ آسانی سے لگایا جا سکتا ہے۔ اس لئے ہم سب کو صبر اور تحمل سے کام لیناچاہئے۔اعظم خاںکل رات یہاں اندرا گاندھی پرتشٹھان میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی، اولڈ بوائز ایسو سی ایشن ، لکھنؤ برانچ کے ذریعہ منعقد ’سرسید ڈے‘کو مہمان خصوصی کے طور پر خطاب کر رہے تھے۔ انہوںنے کہاکہ ہم سب کو اپنے اپنے مذہب پر فخر کا احساس ہونا چاہئے اور بغیر کسی تصادم اور تنازعہ کے ملک کو ایک ایسی شکل دینی چاہئے کہ ہم سب کو ناز ہو۔سرسید احمد خاں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے وزیر شہری ترقیات نے کہاکہ سر سید احمد کے ذریعہ تعلیم کے شعبہ میں کیے گئے شاندار کام سے متاثر ہوکر اور ان کے ذریعہ قائم یونیورسٹی میں تعلیم و تربیت حاصل کرکے انہوںنے علم اور تربیت کی روشنی چہار سو پھیلانے کا بیڑا اٹھایا ہے اور رامپور کی محمد علی جوہر یونیورسٹی اس کا جیتا جاگتا ثبوت ہے۔ انہونے کہاکہ جوہر یونیورسٹی کی مخالفت کرنے والوں کی پرواہ کیے بغیر وہ ایک مضبوط ارادے کے ساتھ تعلیم کی اس مشعل کی روشنی ہر علاقہ و گوشے میں پھیلانے کیلئے مسلسل کوشاں رہیں گے۔ کسی بھی رخنہ سے وہ پیچھے نہیں ہٹنے والے ہیں۔ پروگرام کو ریاست کے وزیر مملکت برائے توانائی یاسر شاہ اور سابق ڈی جی پی رضوان احمد نے بھی خطاب کیا۔