لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ پارہ علاقہ میں ایک خاتون کا قتل کر دیا گیا۔ خاتون کی لاش آم کے ایک باغ میں پڑی ملی۔ فی الحال لاش کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔ ایس او پارہ اشوک یادو نے بتایاکہ بدھ کی دوپہر سروسا بھروسہ گاؤں میں واقع ایک گیس گودام کے نزدی
ک لڈن میاں کے آم کے باغ میں لوگوں نے ایک خاتون کی لاش پڑی دیکھی۔اس کے جسم پر کئی جگہ چوٹ کے نشان بھی تھے۔ گاؤں والوں نے اس بات کی اطلاع پولیس کنٹرول روم کو دی۔ موقع پر پہنچی پارہ پولیس نے مقامی لوگوں کی مدد سے خاتون کی لاش کی شناخت کرنے کی کوشش کی لیکن کوئی کامیابی نہیں ملی۔ پولیس نے موقع پر ڈاگ اسکوائڈ اور فنگر پرنٹ دستہ کو بھی بلایا۔ تفتیش کے بعد پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔ اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ خاتون کی آبروریزی کے بعد اس کا قتل کیا گیا ہے۔ قاتلوں نے واردات کہیں اور انجام دی اور سناٹے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے لاش کو آم کے باغ میں پھینک کر فرار ہو گئے۔
ڈاکٹروں کا ایک پینل کرے گا پوسٹ مارٹم :- خاتون کے جسم پر چوٹ کے کئی نشان کے ساتھ گلے پر گہری چوٹ کے نشان ملے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کا گلا دباکر قتل کیا گیا ہے۔ اس سلسلہ میں ڈی آئی جی رینج آر کے چترویدی نے بتایا کہ خاتون کی لاش کا پوسٹ مارٹم ڈاکٹروں کے ایک پینل سے کرایا جائے گا۔
خاتون کے جسم پر موجود کپڑے اس بات کی طرف اشارہ کررہے ہیں کہ وہ کسی خوشحال کنبہ سے تعلق رکھتی ہے۔ ایس او پارہ اشوک یادو نے بتایا کہ خاتون کے جسم پر سرخ رنگ کا ٹراؤزر اور جینس کی شرٹ موجود ہے۔ ایک ہاتھ پر دل اور تیر کا نشان بنا ہے اور ساتھ میں ہی آئی لو یو سدھا دوے لکھا ہوا ہے۔