لکھنو۔انجمن کاظمیہ عابدیہ کے صدر ایم حسین مہدی مرحوم کے ایصال ثواب کے لئے آج روضہ کاظمین میں مجلس پنجم کا انعقاد کیاگیا۔مجلس کو خطاب کرتے ہوئے مولانا سید حمید الحسن نے حضرت فاطمہ زہراکی عظمت بیان کی۔ انہوں نے کہاکہ رسول خداؐ نے چادر تطہیرمیں خواتین میں صرف حضرت فاطمہ ؑ کو شریک کیا ۔اس کے علاوہ حضرت علی امام حسن اور امام حسین ہی چادرتطہیر میں شامل تھے۔ لہذا پنجتن پاک کی عظمت کا اندازہ اسی سے لگایاجاسکتا ہے ۔آخیر میں مولانانے مصائب شہیدان کربلا واسیران کربلا بیان کئے۔ مجلس کاآغاز تلاوت کلام پاک سے قاری ندیم نے کیا قبل مجلس شاعر اہلبیت،اعجاز زیدی، نیر مجیدی، حسن فراز،اور نبی حسن وغیرہ نے بارگاہ امامت میں منظوم نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ بعد مجلس انجمن کاظمیہ عابدیہ نے نوحہ خوانی وسینہ زنی کی مجلس میں کثیر تعداد میں علماء کرام جس میں خصوصاً مولانا تقی رضوی ،مولانا اسحاق رضوی،اور مولانا غلام سرور،کے علاوہ شہر کی تمام انجمن ہائے ماتمی کے ذمہ داران اورحسین آباد ٹرسٹ کے ملازمین نے شرکت کی۔ زنانی مجلس مرحوم کے مکان پر دن میں دوبجے منعقد ہوئی جس میں بڑی تعدا د میں خواتین نے شرکت کی۔