جرمن خفیہ اداروں نے ارکان پارلیمنٹ کو متنبہ کر دیا
جرمن خفیہ اداروں کا کہنا ہے کہ شمالی عراق میں دولت اسلامی المعروف داعش کے سرگرم جنگجووں کے پاس طیارہ شکن ہتھیار موجود ہیں جنہیں وہ مسافر جہاز گرانے کے لئے استعمال کر سکتے ہیں۔
جرمن اخبار ‘بلڈ ایم سونتاگ’ کے مطابق BN
D وفاقی انٹلیجنس سروس نے اس امر کا انکشاف گذشتہ ہفتے جرمن پارلیمنٹرینز کو دی جانے والی خفیہ بریفنگ کے دوران کیا۔
جرمن وفاقی انٹلیجنس سروس نے اپنے قانون سازوں کو مبینہ طور پر خبردار کیا کہ داعش کے جنگجووں کے پاس شامی فوج کے اسلحہ گوداموں سے لوٹے گئے پورٹیبل راکٹ لانچرز موجود ہیں۔ کچھ لانچرز 1970 کے ہیں جبکہ بعض انتہائی جدید اور نئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق کاندھے پر رکھ کر چلائے جانے والے راکٹ لانچرز روسی ساختہ ہیں تاہم اس ڈیزائن سے ملتا جلتا بہت سا اسلحہ بلغاریہ اور چین میں تیار ہوتا ہے۔ ایسے راکٹ ائر ڈیفنس کے لئے انتہائی کارگر ہتھیار ثابت ہوتے ہیں۔