لکھنؤ (نامہ نگار)۔وزیر اعلیٰ اکھیش یادوکی جانب سے سماج وادی پنشن اسکیم کاریاستی سطح پرآغازکئے جانے کااعلان کرتے ہی متعلقہ محکموں کے افسران اور ملازمین شہری ودیہی علاقوںمیں پنشن اسکیم کے مستفیدین کی تصدیق کرنے میں مصروف ہو گئے ہیں۔ضلع صدر دفتر سے لے کر گائوں تک سماج وادی پنشن اسکیم سے جڑے کاموں کواہمیت کے ساتھ انجام دیا جارہاہے ۔ چیف ترقیاتی افسر یوگیش کمار نے بتایا کہ سماج وادی پنشن اسکیم کے تحت راجدھانی میں۶۴۰۰لوگوں کو فائدہ پہنچانے کاہدف طے کیا گیا ہے ۔ اس میںدیہی علاقوںمیں مستفیدین کی تصدیق کاکام اختتام پذیر ہو چکا ہے ۔ ۳۷۰۰دیہی باشندوں کو منظوری نامہ اور شناختی نامہ دینے کا کام اختتامی مراحل میں چل رہا ہے ۔جبکہ شہری علاقوںمیں میونسپل کارپوریشن کے تحت آنے والے ۱۱۰وارڈوںمیں تصدیق کاکام اعلیٰ سطح پرہورہا ہے۔ اس میں تقریبا۲۷۰۰مستفیدین کاانتخاب کیا جانا ہے جس میں کارپوریٹروں اور میونسپل کارپوریشن کے زونل افسروں کی موجودگی میں کھلا جلسہ کے دوران مستفیدین کی تصدیق ہوگی اس کے بعد مستفیدین کی آخری فہرست تیار کی جائیگی۔
اس میں تمام مستفیدین سے متعلق ڈاٹا آن لائن فیڈ کرنے کاکام بھی ساتھ ہی ساتھ چلے گا۔ جس میں وارڈ وار تصدیق کاکام ختم ہونے کے بعد یومیہ کاہدف سماج بہبودی محکمہ کی ویب سائٹ پرفیڈکیا جائے گا۔ اس کے علاوہ منظوری نامہ اور شناختی کارڈ کیلئے مستفیدین کافوٹو جمع کرنے کاکام بھی ہوگا۔ اس لئے محکمہ جاتی افسران کی جانب سے شہری علاقوںمیں تمام مستفیدین کی تحریک اور انتخاب کا کام ختم کرنے کی ہرممکن کوشش کی جارہی ہے۔ فی الحال انتظامی افسران کامقصد آئندہ ۵نومبرکو ضلع کے تمام مستفیدین کے بینک کھاتوںمیںپانچ سو روپئے ماہانہ کے حساب سے آٹھ مہینے کی یک مشت رقم چار ہزار روپئے ڈالناہے۔ اس لئے جن علاقوںمیں درخواست دہندگان کی تصدیق نہیں ہوئی ہے وہ علاقائی کارپوریٹر اورزونل افسر سے رابطہ قائم کرسکتے ہیں۔