لکھنؤ(نامہ نگار)حضرت امام حسین کی قربانی اور ان کے پیغام کو ہر شخص تک پہنچانے کیلئے نارتھ انڈیا جرنلسٹ ویلفیئر ایسو سی ایشن نے تصاویر اور پینٹنگ نمائش کا انعقاد کیا۔ محرم کی مختلف تصاویر والی اس نمائش کا افتتاح ریاست کے گورنر رام نائک نے کیا۔ ریاستی للت کلا اکادمی قیصر باغ میں منعقد چار روزہ اس نمائش میں لکھنؤ سمیت قرب وجوار کے اضلاع سیتاپور محمودآباد، بارہ بنکی زیدپور، ہردوئی، جونپور، اکبر پور ، اعظم گڑھ ، فیض آباد، کانپور، بریلی ، آگرہ، علی گڑھ، بریلی اور حیدرآباد و دہلی جیسے شہروں کے علاوہ ممالک غیر کے شہر لندن، ایران، عراق، بحرین، اسپین ، ڈھاکہ اور ناروے میں منعقد ہونے والے محرم کے جلوسوں کی تصاویر پیش کی گئی ہیں نمائش میں پیش تصاویر میں محرم کے دوران ہونے والے آگ پر ماتم، زنجیر اور قمع کے ماتم کی تصاویر اور مختلف مجالس و جلوسوں کے علاوہ متعدد مواقع کی کئی تصاویر موجود ہیں۔ نمائش میں اعظم حسین، ترلوچن سنگھ،
روی کپور، کشال کپور، سندیپ رستوگی، مہدی باقری، مشیت رضوی، یوگیش پال، اجیش جیسوال سمیت کئی فوٹوگرافروں کی تصاویر بھی پیش کی گئی ہیں۔ وہیں لندن کی روبی حیدر، بحرین سے نور محمد، اسپین کے حیدر نقوی اور ڈھاکہ کے منیر الزماں کی تصاویر کی نمائش کی گئی ہے۔ پینٹنگ میں تبسم فاطمہ، سائرہ خاتون، رفعت جعفری، شازیہ اور للتا کے فن پارے ناظرین کو خوب پسند آرہے ہیں اس دوران آدتیہ کمار اور منیش تیواری کو نشان امام حسین اعزاز سے سرفراز کیا گیا۔