کراچی: آئندہ سال آسٹریلیا اور نیوز ی لینڈ میں ہونے والے ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کیلئے پاکستانی ہتھیاروں کی جانچ پڑتال آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں ہو گی، اس اہم ایونٹ کے لئے پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کیلیے تفصیلی پروگرام تیار کر لیا ہے۔ پاکستان ٹیم ورلڈ کپ سے ایک ماہ قبل نیوزی لینڈ جائے گی اور ٹورنامنٹ کیلیے پریکٹس کرے گی۔ پی سی بی کے چیئرمین شہریار خان نے بتایا کہ پاکستانی
ٹیم نیوزی لینڈ میں دو ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلنے سے قبل نیوزی لینڈ میں چند پریکٹس میچ کھیلے گی اور ون ڈے سیریز کے بعد پاکستانی ٹیم کا تر بیتی کیمپ آسٹریلیا میں لگایا جائے گا۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ورلڈ کپ کی ریہرسل کے طور پر ہونے والی ون ڈے سیریز کا پہلا میچ 31جنوری کو ویلنگٹن میں کھیلا جائے گا۔ جبکہ دوسرا ون ڈے انٹر نیشنل تین فروری کو نپیئر میں کھیلا جائیگا۔ پاکستانی ٹیم ایڈیلیڈ اوول میں ورلڈ کپ کا افتتاحی میچ 15 فروری کو بھارت کے خلاف کھیلے گی۔ شہریار خان نے کہا کہ ورلڈ کپ کیلیے بورڈ نے ٹیم انتظامیہ کی مشاورت سے تر بیتی پروگرام بنایا ہے تاکہ کھلاڑی آسٹریلیا نیوزی لینڈ کی وکٹوں اور موسم سے ہم آہنگ ہو سکیں۔ سلیکٹرز نے بھی کھلاڑیوں کا پول تیار کر لیا ہے نیوزی لینڈ کی ون ڈے سیریز سے قبل ہی 30 ممکنہ کھلاڑیوں کی فہرست انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو بھیج دی جائے گی۔ امارات میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ون ڈے سیریز 8 دسمبر سے شروع ہو گی۔ شہریار خان نے کہا کہ ٹیم جب نیوزی لینڈ جائے گی تو واپس نہیں آئے گی۔ وقار یونس نے تقریباً ایک ماہ کا پروگرام تر تیب دیا ہے۔ ایک ماہ میں پاکستانی ٹیم کو پریکٹس میچوں کے علاوہ ایک درجن کے قریب پریکٹس سیشن کرنے کا بھی موقع ملے گا۔ ابھی یہ طے نہیں ہے کہ پریکٹس سیشن اور وارم اپ میچ کن کن شہروں میں ہوں گے۔ آئی سی سی نے بھی ہمارے لیے وارم اپ میچوں کا پلان تر تیب دیا ہے۔