لکھنؤ(نامہ نگار)وزیر اقلیتی بہبود اور شہری ترقیات محمد اعظم خاں نے کہا کہ حاجیوں کی خدمت عظیم نعمت ہے اس لئے ریاستی حکومت کی کوشش رہتی ہے کہ ریاست سے جانے والے حاجیوں کو بہتر سے بہتر سہولتیں فراہم کی جائیں۔ مسٹر خان منگل کی شب عیدگاہ عیش باغ میں اسلامک سینٹر آف انڈیا کی جانب سے حاجیوں کے اعزاز میں
منعقد تقریب کو خطاب کررہے تھے۔
مسٹر خان نے کہا کہ ریاستی حکومت غازی آباد اور بنارس میں بھی حج ہاؤس کی تعمیر کرا رہی ہے جس سے عازمین حج کو سہولت حاصل ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو سب سے زیادہ خطرہ فرقہ پرست طاقتوں سے ہے جو ملک سے جمہوریت ختم کرنا چاہتی ہیں۔ یہ طاقتیں ہندو مسلم کے درمیان نفرت پیدا کرکے سیاسی فائدہ حاصل کرنا چاہتی ہیں۔ تقریب کو خطاب کرتے ہوئے مولانا ڈاکٹر سعید الرحمن اعظمی ندوی نے کہا کہ حج اسلام کے بنیادی ستون میں سے ایک ہے یہ ہراس مسلمان پرفرض ہے جو کعبہ شریف تک پہنچنے کی استطاعت رکھتا ہے۔ مولانا خالد رشید فرنگی محلی نے کہا کہ حاجیوں کا اعزاز فخر کی بات ہے حج کے دوران حاجیوں کی دعائیں اللہ کی بارگاہ میں قبول ہوتی ہیں اس موقع پر حاجیوں کو شال اور عطر سے نوازا گیا۔
تقریب میں سابق ایڈوکیٹ جنرل ایس ایم اے کاظمی، سابق رکن راجیہ سبھا شفیق الرحمن برق، سنی سینٹرل وقف بورڈ کے چیئر مین زفراحمد فاروقی، اردو اکیڈمی کے چیئر مین نواز دیوبندی، اقلیتی کمیشن کے چیئر مین شکیل احمد، وقف ترقیات کارپوریشن کے ڈائرکٹر عمران علی خاں، ڈاکٹر مسعود الحسن عثمانی، ڈاکٹر ملک زادہ منظور احمد، انور جلالپوری، جاوید احمد، شعیب صدیقی، محمد سلیم، ندیم احمد سمیت دیگر معززین شہر موجود تھے۔