ماسکو، 19 نومبر:روسی صدر ولادیمیر پوتن نے ایران کی بڑی طاقتوں کے ساتھ بات چیت دوبارہ شروع ہونے سے دو روز قبل حسن روحانی سے کہا ہے کہ یہ ایٹمی سمجھوتہ کرنے کا “بہترین موقع” ہے۔
امید ہے کہ اس سے ایران کے ایٹمی پروگرام پر ایک دہائی پرانا تعطل ختم ہوسکے گا۔
روس ان چھ عالمی طاقتوں میں شامل ہے جو ایران کو اس کے ایٹمی پروگرام کو معطل کرنے کے عوض اس پر سے کچھ پابندیاں ہٹانے کی تجاویز پر بات ک ررہی ہیں۔ دراصل مغربی ممالک خصوصاً امریکہ کو خدشہ ہے کہ ایران ایٹمی ہتھیار بنانا چاہتا ہے حالانکہ ایران اس سے انکار کرتا ہے۔
ولادیمیر پوتن نے روحانی کو فون کرکے کہا اس دیرینہ مسئلہ کا حل کرنے کا یہ بہترین موقع ہے وہ اسے ہاتھ سے نہ جانے دیں۔
جون میں منتخب ہوئے صدر نے عہد کیا ہے کہ وہ ایران کے مغرب کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنائیں گے۔
بیروت میں ایرانی سفارت خانے کے قریب دو دھماکے۔
بیروت،19 نومبر (یو این آئی)لبنان کے دارالحکومت بیروت میں دو دھماکے ہونے کی اطلاع ہے جن میں غالباً ایرانی سفارت خانے کو نشانہ بنایا گیا تھا۔
ان دھماکوں سے سفارت خانے کے احاطے میں کم ا زکم چھ عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔ یہ اطلاع سیکورٹی ذرائع نے دی۔
ایک ذریعہ کے مطابق دھماکوں میں سات افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ اس نے مزید بتایا کہ یہ دھماکے دو راکٹوں کے ہیں جو اس علاقے میں داغے گئے ہیں۔جبکہ ایک اور ذریعے نے بتایا کہ یہ دھماکے کار بم سے کئے گئے۔