لکھنؤ(نامہ نگار)۔سرکاری نوکری میں ۱۸فیصدی مسلموں کو ریزرویشن دئے جانے کے مطالبے کے سلسلہ میں ریاست بھر میں عوامی بیداری چلا رہے انصاف وادی پارٹی کے قومی صدر فرید احمد جمعرات کو لکھنؤ پہنچے اور ریاست کے وزیر اعلیٰ کو عرضداشت سونپ کر مسلمانوں کو انصاف دیئے جانے کا مطالبہ کیا۔ جمعرات کو لکھنؤ پہنچے انصاف وادی پارٹی کے قومی صدر نے پریس کلب میں منعقد صحافیوں سے بات
چیت میں کہا کہ پولیس و دیگر سرکاری محکموں میں ۱۸فیصدی مسلموں کو ریزرویشن دیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ۱۵؍اکتوبر کو غازی پور ضلع سے عوامی بیداری کے لئے نکلے تھے ۔ جس میں مشرقی اضلاع میں عوامی بیداری چلائی ۔ موٹر سائیکل سے نکلے مسٹر احمد نے مختلف اضلاع کے ضلع مجسٹریٹوں کو وزیر اعلیٰ کے نام عرضداشت سونپی ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں ۲۰۱۲میں ہوئے انتخابات میں سماجوادی پارٹی کو بڑی کامیابی ملی۔ انتخابات میں پارٹی نے سرکاری نوکریوں میں مسلمانو ں کو ۱۸فیصدی نوکری دیئے جانے کا وعدہ کیا تھا ۔ اکثریت کے ساتھ حکومت بننے کے باوجود وعدہ پورا نہیں کیاگیا ۔ جب کہ حکومت قائم ہوئے ڈھائی برس سے زیادہ کا عرصہ ہو گیا۔ وزیر اعلیٰ جب چاہیں اس وعدے کو پورا کرنے کے لئے قانون پاس کرسکتے ہیں ۔ لیکن افسوس کہ اکثریت میں حکومت ہونے کے باوجود مسلموں کے بارے میں نہیں سوچ رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس وعدے کو یاد دلانے کیلئے ہم انصاف وادی کارواں کے نام سے ہم سفرکر رہے ہیں ۔ ابھی مشرقی اضلاع کا سفر پورا کیا ہے ۔ لکھنؤ میں ایک ہفتہ کی عوامی مہم کرنے کے بعد اپنے دوسرے مرحلے کا سفر شروع کروں گا ۔جب تک ریاستی حکومت وعدہ پورا نہیں کرتی ریزرویشن کو لے کر عوامی مہم جاری رہے گی ۔ اس موقع پر عبدالمنان ، عاقب جاوید خان سمیت درجنوں پارٹی کے حمایتی موجود تھے۔