لکھنؤ(نامہ نگار)۔کلکٹریٹ واقع سوشل میڈیا سیل (ایس ایم سی )میں آنے والی شکایتوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ سیل کی مقبولیت نے عوامی سہولیات مرکز (جے ایس کے) میں فون کے ذریعہ آنے والی شکایتوں کے تخمینوں کو پیچھے کردیا ہے اس لئے سیل کا اعلیٰ سطح پر آغاز کرانے کا کام شروع ہو چکا ہے ۔ ضلع انتظامیہ کی جانب سے سرکاری محکموں سے جڑی اسکیموں کی آن لائن جانکاری دینے اور عوامی شکایتوں کا اہمیت کے ساتھ تصفیہ کرنے کے مقصد سے سوشل میڈیا سیل (ایس ایم سی ) تشکیل کرنے کا فیصلہ لیا گیا تھا ۔ اس سیل میں فیس بک ، ٹویٹر ، لنکڈئن اور واٹس اپ پر ویڈیو اور فوٹو کے ذریعہ شکایتیں درج کرائی جاسکتی ہے ۔ انتظامیہ کی جانب سے چلائے جانے والی اسکیموں اور ان کے فروغ کے سلسلہ میں اطلاع حاصل کی جاسکتی ہے ۔ اس سیل میں چار ملازمین کے ذریعہ گزشتہ ۲۵دنوں سے ٹرائل کا کام چل رہا ہے۔ جس کی مستقل طور سے مانٹرنگ کی جارہی ہے ۔ عوام کے درمیان آپ کا اودھ نام سے مقبولیت حاصل کرچکی انتظامی آئی ڈی سے تقریباً ۴ سو لوگ جڑ چکے ہیں ۔ اس کے ساتھ ہی یومیہ پندرہ شکایتیں آرہی ہیں ۔ جس کا جے ایس کے کے ذریعہ تصفیہ کروایا جارہا ہے۔یہاں اہمیت کے ساتھ تصفیہ ہونے کی وجہ سے عام آدمی کی طرف سے فوٹو گرافر اور ویڈیو بھیج کر شکایتیں کی جارہی ہیں اس لئے سوشل میڈیا سیل کا بڑے پیمانہ پر افتتاح کرنے کی تیاریاں تیز ہو گئی ہیں ۔ اس میں وزیر اعلیٰ کے ہاتھوں سیل کا افتتاح کرانے اور سوشل میڈیا سیل کا نام تبدیل کرنے کی بحث گرم ہے۔ حالانکہ انتظامی سطح کے افسران نے نام اور افتتاح
کے مدعے پر خاموشی اختیار کرلی ہے ۔