حیدرآباد یکم نومبر(یو این آئی) بالی ووڈ کے مشہور ہیرو سلمان خان کی بہن ارپتا کی شادی حیدرآباد کے مشہور فلک نما ما پیلس ہوٹل میں ہونے جارہی ہے۔سمجھا جاتا ہے کہ اس شادی کے لیے سلمان خان وزیراعظم نریندر مودی کو بھی مدعو کریں گے۔
ذرائع کے مطابق سلمان خان نے اپنی بہن کی شادی کے لیے ہوٹل کے تمام 60کمرے دو دنوں کے لیے بک کر لئے ہیں اور اس کے لیے انہوں نے دو کروڑ روپے پیشگی کے طو رپر بھی دے دئے ہیں۔یہ شادی بڑے
ہی دھوم دھام سے ہونے والی ہے۔ سلمان خان اور دیگر مہمانوں کی آمد 18نومبر کو ہوگی اور 20نومبر کو ان کی یہاں سے روانگی ہوگی ۔
ذرائع کے مطابق 250افراد کو شادی کے لیے دعوت دی گئی ہے۔اس شادی کے لیے بڑے پیمانے پر اس فلک نما ہوٹل کو سجایا جائے گا۔ اس پیلس میں آصف جاہی دور کی جھلک واضح طور پرنظر آتی ہے۔ یہ پیلس حیدرآباد ریاست کے آصف جاہی سلاطین کے اعلی ذوق کا آئینہ دار تھا۔ اس کی تعمیر سابق ریاست حیدرآباد کے چھٹویں حکمران آصف جاہ نواب میر محبوب علی خان کے برادرنسبتی و اس وقت کی ریاست حیدرآباد کے وزیراعظم نواب وقار الامرا کی جانب سے 1893میں کی گئی تھی۔اس کی تعمیر پرا س وقت 60لاکھ روپے کا خر چ آیا تھا ۔یہ پیلس نہایت ہی شاندار ہے۔سال 2010میں اسے ممبئی کے مشہور تاج گروپ نے ہوٹل میں تبدیل کر دیا ۔یہ پیلس آج بھی اپنی عظمت اور وقار کے ساتھ ساتھ اپنے فن تعمیر کے لیے کافی مشہور ہے۔