نئی دہلی ، یکم نومبر (یو این آئی)اس اعتراف کے ساتھ کہ اردو ہندستان کی ایک نہایت شیریں زبان ہے اور حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ ملک کی سبھی مادری زبانوں کو تحفظ فراہم کرے، انسانی وسائل کے فروغ کی مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی نے آج کہا کہ بہرحال متعلقہ زبان کے بولنے والوں پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ حکومت کو بتائیں کہ ان کی زبان کو فروغ اور تحفظ کیسیفراہم کیا جائے۔ قومی اردو کونسل برائے فروغ اردو زبان (این سی پی یو ایل) کے زیراہتمام یہاں جاری سہ روزہ عالمی اردو کانفرنس کے آخری دن ملک و بیرون ملک سے کانفرنس میں شرکت کے لئے آئے اردو ادیبوں ، شاعروں، نقادوں ، اسکالروں اور دانشوروں کو خطاب کرتے ہوئے محترمہ ایرانی نے کہا کہ آپ حکومت کے سامنے تجاویز پیش کریں کہ اردو کی بقا اور فروغ کے لئے کیا کرنا چاہئے۔ حکومت، اس مکمل ادراک کے ساتھ کہ کسی بھی زبان سے اس کے بولنے والوں کا جذباتی رشتہ ہوتا ہے، اس محاذ پر ٹھوس اقدامات کرنے کو تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرائمری اور سیکنڈری سطح کے اسکولوں میں اردو درس و تدریس کا معاملہ ریاستی حکومتوں کے دائرے میں بھی آتا ہے جس کے لئے مرکزی حکومت ریاستوں سے بات کرکے سب کی مادری زبانوں کے احترام کو یقینی بنانے کی کوشش کرے گی۔
Copyright Dailyaag - All Rights Reserved