لکھنؤ(نامہ نگار)۔سردار ولبھ بھائی پٹیل کے یوم پیدائش موقع پر لکھنؤ یونیورسٹی سمیت تمام کالجوں میں قومی یکجہتی دوڑ کا اہتمام کیا گیا ۔ اس موقع پر طلباء و طالبات نے مارچ نکال کرپٹیل کے نقش قدم پر چلنے کاعہد کیا۔ ریاست کے گورنر رام نائک نے لکھنؤیونیورسٹی کی جانب سے سردار ولبھ بھائی پٹیل کے یوم پیدائش پر منعقد یوم قومی یکجہتی تقریب سردار پٹیل کے مجسمہ کی نقاب کشائی کرکے گلہائے عقیدت پیش کیا ۔اس موقع پر لکھنؤ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر ایس بی نمسے ، نائب وائس چانسلر پروفیسر اے کے سین گپتا ، اساتذہ ، بڑی تعداد میں طلباء و طالبات اور دیگر لوگ موجود تھے۔اس موقع پر گورنر نے تمام لوگوں کو قومی یکجہتی کا حلف دلایا۔ گورنر نے اپنے خطاب میں کہا کہ سردار پٹیل نے ۵۵۳ریاستوں کو جوڑنے کا جو کام کیا وہ پوری دنیا میں اپنے آپ میںایک مثال ہے۔اسی لئے انہیں مر د آہن کا لقب دیا گیا ۔گورنر رام نائک نے مزید کہا کہ ان کے یوم پیدائش کو آج ہم لوگ یوم قومی یکجہتی کے طور پر منارہے ہیں۔