لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ شہر میں ایک کے بعد ایک قتل اور لوٹ کی واردات ہو رہی ہیں۔ جمعرات کی شب اسلحہ سے لیس نصف درجن بدمعاش ایک ڈاکٹر کے گھر میں داخل ہو گئے۔ بدمعاشوں نے ڈاکٹر کی بیوی کو یرغمال بنایا اور پھر معصوم بچے کو جان سے مارنے کی دھمکی دیتے ہوئے سات لاکھ کے زیورات لوٹ کر فرار ہو گئے۔
ہاتھرس ضلع کے رہنے والے ڈاکٹر برجیش موجودہ وقت میں ایئر پورٹ پر بطور جونیئر ڈاکٹر ملازم ہیں۔ وہ اپنی اہلیہ پریتی اور چھ ماہ کے بیٹے کے ساتھ سروجنی نگر کے جنک پوری علاقہ میں مکان تعمیر کراکر رہتے ہیں۔ کچھ دن قبل ہی ڈاکٹر برجیش کا چھوٹا بھائی پردیپ گاؤں سے آیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ جمعرات کی شب ڈاکٹر برجیش اپنی ڈیوٹی پر چلے گئے۔ گھر پر ان کی بیوی، معصوم بیٹا اور بھائی موجود تھے۔ بیوی اور بچہ بیڈ روم میں سو رہے تھے جبکہ پردیپ دوسرے کمرے میں لیٹا تھا۔ رات تقریباً دو سے تین بجے کے درمیان اسلحہ سے لیس نصف درجن بدمعاش چھت کے راستے مکان میں داخل ہو گئے۔
بدمعاشوں نے پہلے پردیپ کے کمرے کی کنڈی دونوں طرف سے بند کر دی اس کے بعد بدمعاش بیڈروم میں داخل ہوئے۔ بدمعاشوں کی آہٹ پاکر ڈاکٹر برجیش کی بیوی پریتی کی آنکھ کھل گئی۔ اس سے پہلے کہ وہ کچھ سمجھ پاتی بدمعاشوںنے معصوم بیٹے کو گود میں اٹھا لیا اور طمنچہ دکھاتے ہوئے گولی مار دینے کی دھمکی دی۔ بدمعاشوں نے پریتی سے الماری کی کنجی مانگی۔ بیٹے کو بدمعاشوں کے قبضہ میں دیکھ کر پریتی نے کنجی بدمعاشوں کو دے دی ۔اس درمیان ایک بدمعاش نے پریتی کا منھ دبائے رکھا ۔ بدمعاشوں نے الماری سے ۵۱۰۰ روپئے اور سات لاکھ کے زیورات لوٹ لئے۔ اس کے بعد گھر کا دروازہ کھول کر فرار ہو گئے۔
بدمعاشوں کے فرار ہوتے ہی پرتیی نے مدد کیلئے شور مچا دیا۔ شور سن کر مقامی لوگ مدد کیلئے جمع ہو گئے۔ لوگوں نے کمرے میں بند پردیپ کے کمرے کا دروازہ کھولا اور پولیس و ڈاکٹر برجیش کو اطلاع دی۔ اطلاع ملنے پر سروجنی نگر پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس نے موقع پر ڈاگ اسکوائڈ اور فنگر پرنٹ ٹیم کو بھی بلا لیا۔ پولیس نے تفتیش کے بعد ڈاکٹر برجیش کی تحریر پر لوٹ کی رپورٹ درج کر لی ہے۔
پولیس ڈکیتی کو چوری ثابت کرنے پر تھی آمادہ:- ہر بار کی طرح راجدھانی پولیس ڈکیتی و لوٹ کی اس واردات کو چوری ثابت کرنے پر آمادہ تھی۔ اطلاع ملنے پر پہنچی سروجنی نگر پولیس نے ڈاکٹر کے گھر لوٹ کی واردات کو چوری بتا دیا۔ اس بات کا پتہ چلتے ہی پولیس کے اعلیٰ افسران نے سروجنی نگر پولیس کی سرزنش کی۔ افسران کی سرزنش کے بعد سروجنی نگر پولیس حرکت میں آئی اور پھر لوٹ کی دفعہ میں رپورٹ درج کی۔