کینیڈا کی فوج کی طرف سے عراق میں داعش کے ٹھکانوں پر پہلی بار بمباری کی گئی ہے۔ کینیڈین وزیر دفاع راب نکلسن نے اس فضائی کارروائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا دو سی ایف 18 طیاروں نے اپنے اتحادیوں کے ساتھ رابطے میں رہتے ہوئے داعش کو نشانہ بنایا ہے۔
وزیر دفاع کے مطابق جی بی 227 نے 12 کلو گرام کے لیزر گائیڈڈ بم فلوجا میں داعش پر گرائے، تاہم وزیر دفاع نے فوری طور پر اس کارروائی کی مزید تفصیلات
جاری نہیں کی ہیں کہ اس بمباری سے داعش کا کتنا نقصان ہوا۔
وزیر دفاع نے بتایا اس چار گھنٹوں پر مشتمل کارروائی کے بعد فوجی طیارے بحفاظت واپس اپنے ٹھکانوں پر پہنچ گئے ہیں۔
واضح رہے کینیڈا کی پارلیمنٹ نے پچھلے ماہ داعش کے خلاف عالمی اتحاد کا حصہ بننے کی منظوری دی تھی۔ متعدد یورپی اور عرب ممالک داعش مخالف عالمی اتحاد کا حصہ ہیں۔
داعش کے خلاف امریکی بمباری کا عراق میں آغاز ماہ اگست میں اور شامی علاقوں میں ماہ ستمبر میں ہوا تھا۔ عرب ممالک بھی شام میں داعش کے خلاف پہلے دن سے کارروائیوں کا حصہ ہیں۔
کینیڈا کے وزیر دفاع نے کہا ” داعش کے خلاف ہمارے فوجی دستوں کی کارروائی سے ہماری حکومت کی دہشت گردی کے خلاف گہری کمٹمنٹ کا اندازہ ہوتا ہے۔ ہم داعش کے ہاتھوں معصوم شہریوں کی ہلاکتوں کے خلاف اپنے اتحادیوں کے شانہ بشانہ ہیں۔
کینیڈا کی طرف سے داعش کے خلاف یہ کارروائی فرانس کے صدر اولاندے کے دورہ کینیڈا کے موقع پر سامنے آئی ہیں۔ توقع کی جا رہی تھی کہ وہ اپنے دورے کے دوران کینیڈا کے وزیر اعظم سے عراق کی صورت حال پر تبادلہ خیال کریں گے۔