نئی دہلی، 3 نومبر (یو این ائی) قومی اردو کونسل (این سی پی یو ایل) کے زیر اہتمام منعقدہ حالیہ سہ روزہ عالمی اردو کانفرنس میں اردو کے فروغ کے سلسلے میں مرکزی وزیر برائے فروغ انسانی وسائل اسمرتی ایرانی کی یقین دہانیوں پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کمشنر برائے اقلیتی لسانیات پروفیسر اخترالواسع نے کہا کہ مرکزی وزیر کی باتوں میں سچائی نظر آرہی تھی جس سے اس یقین کو تقویت ملتی ہے کہ نئی حکومت اردو سمیت تمام مادری زبانوں کے فروغ کے تیئں مخلص
ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئی حکومت کی فروغ انسانی وسائل کی وزیر کی اردو والوں کے ساتھ یہ پہلی ملاقات ہے جس میں انہوں نے مادری زبانوں کے حوالے سے حوصلہ افزا بات کی ہے جس سے ان سے اردو کے فروغ کے سلسلے میں مثبت توقع پیدا ہوئی ہے۔
خیال رہے کہ محترمہ اسمرتی ایرانی نے عالمی اردو کانفرنس کے اختتامی اجلاس کو خطاب کرتے ہوئے کہا تھاکہ اردو ہندستانی سرزمین سے ہی پیدا ہوئی اس لئے تمام مادری زبانوں کے ساتھ ساتھ اردو اس کی مٹھاس کے ساتھ فروغ دینے کی سمت میں ان کی حکومت ہر ممکن اقدامات کرے گی۔