لکھنو : سماج وادی پارٹی ۱۲نومبر کو ہونے والی ’دیش بچاو ¿ دیش بناو ¿‘ مہا ریلی کی تیاریاں زوروں پر کر رہی ہے، وہ اپنی اس ریلی کو پرو پرواز دینے کیلئے انٹر نیٹ کا استعمال کرے گی جس کے ذریعہ وہ لائیو ریلی کو دکھائے گی۔اس ریلی کو ہائی ٹیک بنانے کیلئے سماج وادی پارٹی نے زبردست انتظامات کئے ہیں۔ رائے بریلی کی اس ریلی کو سماج وادی پارٹی کے قومی سربراہ ملائم سنگھ یادو ، وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو، شیو پال سنگھ یادو اور اعظم خاں سمیت دیگر پارٹی کے اہم عہدیداران خطاب کریں گے۔ ریلی کے کنوینر اور بدایوں سے سماج وادی پارٹی کے پارلیمانی رکن دھرمیندر یادو نے بتاےا کہ یہ ریلی صبح گےارہ بجے شروع ہوگی جس کو ملک و بیرون ملک لائیو گوگل اور یو ٹےوب پر دیکھا اور سنا جا سکے گا۔ انہوں نے بتاےا کہ سماج وادی پارٹی اس سے قبل بھی ریلی کو عام کرنے کیلئے انٹر نیٹ کا استعمال کر چکی ہے اس نے اعظم گڑھ او رمین پوری میں ہوئی ریلیوں کو بھی انٹر نیٹ پر لائیو ٹیلی کاسٹ کیا تھا۔ کنوینر دھرمیندر یادو نے بتایا کہ سماج وادی پارٹی اپنی پالیسیوں اور پیغام کو زیادہ سے زیادہ لوگوںتک پہنچانا چاہتی ہے اسی لئے انٹر نیٹ پر لائیو ٹیلی کاسٹ کیاجائے گا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ ریلی میں بہت لوگ آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کوریج کرنے والے صحافیوں کی سہولیات کیلئے اسٹےج کے نزدیک ایک میڈیا سینٹر بنایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سماج وادی پارٹی نے مفاد عامہ میں بہت سی اسکیمیں شروع کی ہیں اس سے اس کی مقبولیت میں اضافہ ہواہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور کانگریس نے لوگوں کا بہت استحصال کیا جس کی وجہ سے لوگ نا امید ہو گئے۔ پارٹی کے ریاستی ترجمان راجندر چودھری نے کہا کہ بریلی میں ہونے والی ریلی سے پورے ملک کو ایک نیا پیغام جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اوربی جے پی حکومتوں اور ان کی کارگزاریوں کو دیکھنے کے بعد اب عوام تیسرے مورچہ کی حکومت چاہ رہی ہے اور پارلیمانی انتخابات کے بعد تیسرے مورچہ کی حکومت میں سماج وادی پارٹی کا اہم کردار ہوگا۔ واضح رہے کہ بریلی کی اس ریلی کا ویب ٹیلی کاسٹ سماج وادی پارٹی کے دفتر سے ہوگا جس کیلئے ریاستی صدر دفتر میں ایک پروجیکٹر لگایا جائے گا۔