لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ سروجنی نگر پولیس نے مخبر کی اطلاع پر دو شنبہ کو چوری کی بولیرو جیپ فروخت کرنے جا رہے دو چوروں کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے چھ دن قبل علاقہ میں چوری ہوئی بولیرو جیپ کے ساتھ ہی ایک لوگان کار برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس نے دونوں گاڑی چوروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں جیل بھیج دیا۔ سروجنی نگر پولیس کے مطابق دو شنبہ کی ص
بح مخبر سے اطلاع ملی کہ دو نوجوان چوری کی بولیرو جیپ اور ایک لوگان کار میں شہید پتھ روڈ سے گزرنے والے ہیں۔ مخبرکی اطلاع پر پہنچی پولیس ٹیم نے بس نمبر دو کے نزدیک گھیرا بندی کر کے انہیں گاڑیوں سمیت گرفت میں لے لیا۔ پوچھ گچھ میں دونوں نے اپنا نام گونڈہ کے ترب گنج واقع پورا پانڈے گاؤں کا مدھوکر پانڈے، وید پرکاش اور دوسرے نے اسی ضلع کے تھانہ کوتوالی نگر رودر پور بشن گاؤں کا پپو سنگھ عرف کریا ولد جنگلی بتایا۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ۲۸-۲۹؍اکتوبر کی رات مذکورہ بولیرو نمبر (یو پی ۳۲ ای این ۰۹۲۷) سروجنی نگر کے ہنومان پوری کی رہنے والی اشو زوجہ دھرم پال سنگھ کے گھر سے چوری کی تھی جو یہاں سے گونڈہ لے گئے لیکن وہاں نہیں فروخت ہوئی۔ جس کی وجہ سے اسے کانپور فروخت کرنے لے جا رہے تھے۔ پولیس نے بتایا کہ مدھوکر آشیانہ کے نیو گلورا واقع چودھری کے مکان میں رہ کر ایک ٹریویل ایجنسی میں گاڑی چلاتا ہے اور کافی دن قبل وہ دھرم پال کے ایک ہی ٹریویل ایجنسی میں گاڑی چلاتا تھا۔ وہیں جس لوگان کار سے بولیرو کو باندھ کر لے جا رہے تھے اس کار میں اترپردیش حکومت کا مونو گرام لگا ہونے کے ساتھ ہی اس کے کاغذ نہ ہونے کی وجہ سے پولیس نے کار کو بھی اپنے قبضہ میں لے لیا اور اس کا رجسٹریشن منسوخ کرنے کیلئے آر ٹی او سے سفارش کر دی ہے۔