لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ یکم نومبر کو بلنگ شروع ہونے کے بعد اچانک دوسرے ہی دن بلنگ بند ہو گئی۔ دو شنبہ کی صبح جب صارفین اپنے بجلی کے بل جمع کرنے کیلئے بلنگ کاؤنٹر پر پہنچے تو پتہ چلا کہ بلنگ بند ہے۔ حالانکہ اکتوبر میں جن صارفین کے بل بن چکے ہیں وہ ان کی ادائیگی کر سکتے ہیں۔ لیسا انجینئروں کے مطابق دس نومبر تک بلنگ بند رہے گی۔ ماہ کے ابتدائی دنوں میں اپنا بجلی کا بل جمع کرنے والوں کو اب دس نوم
بر تک انتظار کرنا ہوگا۔ رواں مالی سال کیلئے نئے ٹیریف کی فیڈنگ کیلئے بجلی کمپنیوںنے بلنگ بند کر دی ہے۔ دس نومبر تک سبھی ڈسکام میں بلنگ بند رہے گی۔ آن لائن بلنگ کے انچارج پنکج کا کہنا ہے کہ شکتی بھون سے جاری حکم کے مطابق بلنگ بند کر دی گئی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ چیئر مین پاور کارپوریشن نے ایچ سی ایل کے افسران کو حکم دیا ہے کہ وہ نئے ٹیریف کو جلد از جلد ویب سائٹ پر اپ لوڈ کریں۔ اس کیلئے بلنگ بند کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل جب بھی ٹیریف کی فیڈنگ کی جاتی تھی بلنگ کبھی بھی بند نہیں کی گئی لیکن اس بار بلنگ بند کر کے ٹیریف فیڈ کیا جا رہا ہے۔ افسران کا کہنا ہے کہ اس بار کا ٹیریف کچھ اہم ہے کیونکہ ریگولیٹری کمیشن کے حکم کے مطابق ایم ڈی پنالٹی وغیرہ کو بند کیا جانا ہے۔ اسی وجہ سے ٹیریف سافٹ ویئر میں بڑے پیمانے پر تبدیلی ہونا ہے اسی وجہ سے بلنگ بند کی گئی ہے تاکہ خامی کے امکان کو کم سے کم کیا جا سکے۔ مسٹر پنکج کے مطابق دس نومبر کے بعد ہی بلنگ شروع ہو سکے گی۔ ان کا کہنا ہے کہ اس دوران ٹیریف فیڈ کر لیا گیا تو بلنگ جلد شروع ہو سکتی ہے۔